بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جاگ میرا پنجاب جاگ، تیرے دامن پر لگ گیا شریفوں کا داغ،بلاول بھٹو

جاگ میرا پنجاب جاگ، تیرے دامن پر لگ گیا شریفوں کا داغ،بلاول بھٹو


لاہور۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جاگ پنجاب جاگ کا نعرہ لگاتے ہوئے نوازشریف اور شہبازشریف سے اس سال میں چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے کہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے نعرہ لگایا ہے کہ جاگ میرا پنجاب جاگ، تیرے دامن پر لگ گیا شریفوں کا داغ۔ انہوں نے یہ نعرہ لاہور سے فیصل آباد تک نکالی جانے والی پیپلزپارٹی کی احتساب ریلی کے سگیاں پل پر پہنچنے پر پیپلزپارٹی کے قائدین کے استقبال کے لئے پہلے سے وہاں موجود ہزاروں افراد کے اجتماع سے مختصرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

سگیاں پل بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں نکالی گئی احتساب ریلی کا پہلا پڑاو تھا۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ملک کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں جبکہ موجودہ حکمران کالعدم تنظیموں کو تحفظ فراہم کرنے میں مصروف ہیں اور سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرتے ہیں۔ اس لیے قوم کو اس سال نوازشریف اور شہبازشریف سے چھٹکارا پانا ہے۔ قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے حکمرانوں کو معاملات درست کرنے کے لئے بہت وقت دیا لیکن حکومت نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی اور واب معاملہ پیپلزپارٹی کے پیش کیے گئے چارمطالبات سے بھی آگے چلا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کے عوام حکمرانوں کی زیادتیوں کے تلے اس قدر دب گئے ہیں کہ اس حکومت کوجتنی جلدی واپس بھیجا جائے اچھا ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام نکالی جانے والی احتساب ریلی میں جس کی قیادت پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کی بلاول ہاؤس لاہور سے روانگی کا وقت صبح دس بجے تھا لیکن یہ ریلی اپنے مقررہ وقت سے تقریباً سوا گھنٹے کی تاخیر سے بلاول ہاؤس لاہور سے سینکڑوں بسوں، گاڑیوں اورموٹرسائیکلوں کی شکل میں روانہ ہوئی۔ ریلی کی روانگی سے قبل صبح ہی سے پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین اور جیالوں کی بڑی تعداد بلاول ہاؤس لاہور کے باہر جمع ہوچکی تھی۔ جہاں جیالے شہید ذوالفقار علی بھٹو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی تصاویر اورپارٹی پرچم اٹھائے جیئے بھٹو اورجیئے بلاول کے نعرے بلند کرتے رہے۔ جبکہ پارٹی کے نغموں پر بھنگڑا اور علاقائی ڈانس بھی کرتے رہے۔بلاول بھٹو زرداری جیسے ہی11بجکر20منٹ پر ریلی کی قیادت کرتے ہوئے بلاول ہاؤس سے باہر نکلے تو وہاں پرموجود پولیس کی گاڑیوں نے بلاول بھٹو زرداری کی گاڑی کو سکیورٹی نکتہ نظر سے اپنے حصار میں لے لیا جبکہ وہاں پرموجود پیپلزپارٹی کے قائدین اورجیالوں کی بڑی تعداد جیئے بھٹو کے نعرے لگاتے ہوئے ریلی میں شامل ہوگئے۔

اور اس طرح یہ ریلی براستہ کینال روڈ سے گزرتی ہوئی جب ٹھوکر نیاز بیگ پر پہنچی تو وہاں پر پہلے سے موجود پیپلزپارٹی کے سینکڑوں جیالوں نے اپنے قائدین کا استقبال کیا۔ اور اس طرح مزید سینکڑوں گاڑیاں بلاول بھٹوزرداری کی قیادت میں نکالے گئے قافلے میں شامل ہوگئیں۔ اس طرح پیپلزپارٹی کی احتساب ریلی براستہ بائی پاس بابوصابو انٹرچینج سے گزرتی ہوئی سگیاں پل پہنچی جہاں ریلی کے استقبال کے لئے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ پر موجود ہزاروں جیالوں نے اپنی قیادت کا استقبال کیا۔ کارکنوں نے ریلی کے سگیاں پل پر پہنچتے ہی حکومت مخالف اور پاکستان پیپلزپارٹی کی حمایت میں نعر ے بازی شروع کردی۔

جس کے جواب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گاڑی کی چھت سے باہر نکل آئے اور انہوں نے اپنے جیالوں کے نعروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نہ صرف ہاتھ ہلاکر نعروں کا جواب دیا بلکہ انہوں نے گاڑی سے قریب کھڑے کارکنوں سے ہاتھ بھی ملایا۔ استقبالیہ کارکنوں میں بچے،بوڑھے، جوان اور خواتین شامل تھیں۔ جنہوں نے شدید نعرے بازی اور پارٹی نغموں کی دھنوں پر ڈانس کرتے ہوئے منوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کارکنوں سے نعرے لگوائے جہاں بلاول بھٹو زداری نے مختصر خطاب کیا جس کے بعد وہ فیصل آباد کی جانب براستہ جی ٹی روڈ روانہ ہوگئے۔