بریکنگ نیوز
Home / سائنس و ٹیکنالوجی / 2 ٹن وزنی بم لیجانے والا چینی اسٹیلتھ ڈرون

2 ٹن وزنی بم لیجانے والا چینی اسٹیلتھ ڈرون

بیجنگ۔ چین نے ’تیز تلوار‘ کے نام سے ایک حیرت انگیز ڈرون تیار کیا ہے جو 4000 پونڈ وزنی بم اٹھا کر اضافی ایندھن بھرے بغیر دو دن تک مسلسل پرواز کرسکتا ہے۔

امریکی سائنسی جریدے کے مطابق اسے چین میں سائنس و ٹیکنالوجی کے پروگرام میں دوسرا انعام دیا گیا ہے اور یہ اپنی نوعیت کا واحد اسلحہ بردار ڈرون ہے جو نیٹو کی بجائے کسی ایک ملک نے تیار کیا ہے۔ چینی حکام اسے 2019 اور 2020 تک اپنے استعمال میں لانا چاہتے ہیں تاکہ غیرملکی بحری جہازوں کی جاسوسی اور اپنے علاقے کی نگرانی کے لیے استعمال کیا جاسکے۔

تیز تلوار کی دوسری اہم خاصیت اس کا ’’اسٹیلتھ‘‘ ہونا ہے یعنی یہ ریڈار پر نظر نہیں آتا۔ اسے ایوی ایشن انڈسٹری کارپوریشن آف چائنا نے بنایا ہے اور اس کے بازوؤں کے دائیں اور بائیں بم رکھنے کی جگہیں بنائی ہیں۔ جہاز کی لمبائی 33 فٹ اور بازوؤں کا گھیر 46 فٹ ہے ۔ اس کی پہلی آزمائشی پرواز نومبر 2017 میں متوقع ہے۔ دیکھنے میں یہ امریکی بی ٹو کا چھوٹا ماڈل اور امریکی ایکس 47 بی بمبار جیسا بھی دکھائی دیتا ہے۔