بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیلی وزیراعظم سے رابطہ، دورہ امریکہ کی دعوت دیدی

ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیلی وزیراعظم سے رابطہ، دورہ امریکہ کی دعوت دیدی

واشنگٹن۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فون رابطہ ہوا ہے جس میں ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم کو امریکہ کے دورے کے دعوت دیدی ، ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ گفتگو خوشگوار رہی۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فون رابطہ ہوا ہے ۔امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم سے فون پر ہونے والی گفتگو کو مفید قرار دیا۔اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بات کرنے کے بعد کہا کہ امریکی صدر نے انھیں آئندہ ماہ ملاقات کے لیے امریکہ آنے کی دعوت دی ہے۔

جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں سربراہان کے درمیان انتہائی گرم جوشی سے بات چیت ہوئی جس میں ایران کے جوہری معاہدے سمیت فلسطینی امن کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسرائیلی وزیراعظم سے فون پر بات کے بعد امریکی صدر نے صرف اتنا کہا کہ بات چیت اچھی رہی۔ تاہم انھوں نے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

ادھر وائٹ ہاؤ س کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے یروشلم منتقل کرنے کے حوالے سے بات چیت شروع ہوگئی ہے۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کے دو روز بعد ہی اسرائیل نے مقبوضہ بیت المقدس میں نئی یہودی بستیوں کی منظوری دے دی ہے جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یہودی بستیوں کی تعمیر کے خلاف قرارداد منظور کر رکھی ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد حالات بدل چکے ہیں۔