بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / وزیراعظم نے چھ ماہ کی تاخیر کے بعد ملتان میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم نے چھ ماہ کی تاخیر کے بعد ملتان میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر دیا


ملتان۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے چھ ماہ کی تاخیر کے بعد ملتان میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ 18.5کلو میٹر طویل میٹرو بس سروس پر28ارب اور 88کروڑ روپے لاگت آئی، 21سٹیشنوں پر 35بسیں چلائی جائیں گی، منصوبے سے25لاکھ افراد مستفید ہو سکیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف منگل کو ملتان شہر پہنچے جہاں انہوں نے میٹرو بس منصوبے کا افتتاح کیا۔ منصوبے کی افتتاحی تقریب میں مجموعی طور پر1500مہمانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، وزیرالعیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ، وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ، کابینہ کے سینئر اراکین، میئر ملتان، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، اعلیٰ حکا، سینئر سیاستدانوں اور ملتان کی سیاسی قیادت سمیت30ممالک کے سفیر بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ ملتان میٹرو بس منصوبہ جون2015ء میں شروع کیا گیا تاہم جون 2016ء میں مکمل نہ ہونے کے باعث6ماہ کی تاخیر کے بعد اس کا افتتاح کر دیا گیا۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 28ارب 88کروڑ روپے لاگت آئی۔

ملتان میٹرو بس ٹریک 18.5کلو میٹر طویل ہے جس پر 21سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں14 فلائی اوورز جبکہ 7زیر زمین سٹیشنز بھی شامل ہیں۔ میٹرو ٹریک پر ابتدائی طور پر 35بسیں چلائی جائیں گی۔ تاہم اس کا کرایہ صرف20روپے ہو گا۔ جس سے روزانہ کی بنیاد پر 1لاکھ مسافر جبکہ پورے منصوبے سے مجموعی طور پر25لاکھ افراد مستفید ہو سکیں گے۔ میٹرو ٹریک پر 4لاکھ پودوں اور 4ہزار 500درختوں کی شجر کاری کی گئی ہے جبکہ اس ٹریک پر 6بڑے کاروباری مراکز اور 25تعلیمی ادارے بھی قائم ہیں۔