بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کرپشن اور بدعنوانی صرف مالی ہی نہیں ، اخلاقی بھی ہوتی ہے،ممنون حسین

کرپشن اور بدعنوانی صرف مالی ہی نہیں ، اخلاقی بھی ہوتی ہے،ممنون حسین

اسلام آباد۔صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں ذرائع ابلاغ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پریس کونسل کا کردار نہایت اہم ہے اور اس کی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی مقاصد کی تکمیل اور رائے عامہ کو حقائق سے باخبر رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔یہ بات انھوں نے ڈاکٹر صلاح الدین مینگل کی سربراہی میں پریس کونسل آف پاکستان کے وفد سے کہی جس نے ایوان صدر میں اْن سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ پریس کو معاشرے کی بیداری اور بدعنوانی کے خلاف رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔

انھوں نے مزید کہا کہ کرپشن اور بدعنوانی صرف مالی ہی نہیں ہوتی بلکہ اخلاقی بھی ہوتی ہے اگر لوگ اپنی ذمہ داریا ں بطریق احسن ادا نہ کریں تو یہ بھی بدعنوانی کے زمرے میں آتا ہے اورہر ادارے کا سربراہ اپنے ادارے کی کارکردگی کا ذمہ دار ہے۔صدرممنون حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت آزادء صحافت کی قدر کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ اخبارات عوام کو مبنی بر حقائق خبریں پہنچائیں۔تنقید ذرائع ابلاغ کا حق ہے لیکن اسے معیاری اور بے لاگ ہونا چاہیے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پریس کونسل آف پاکستان میڈیا کے معیارکو بہتر بنائے گی اور حکومت بھی اس سلسلے میں مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی وہ پریس کونسل کو دفاترمہیا کرے۔ وفد کے دیگر ممبران میں رفیق احمد ڈاہر، سید اقبال جعفری، ناصر زیدی، عائشہ اکرام، سید ہارون شاہ، شاہجہان سیداور محمد ابراہیم خان شامل تھے۔