بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / مقبوضہ کشمیر ،ایل او سی کے قریب برفانی تودے گرنے سے11بھارتی فوجی ہلاک

مقبوضہ کشمیر ،ایل او سی کے قریب برفانی تودے گرنے سے11بھارتی فوجی ہلاک

سرینگر۔مقبوضہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب گوریز سیکٹر میں 2 برفانی تودے گرنے سے11 بھارتی فوجی ہلاک اوربعض لاپتہ ہوگئے ،وزیراعظم نریندر مودی نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اور سرچ آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کردی ۔جمعرات کو بھارتی اخبار ’’انڈین ایکسپریس ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق لائن آف کنٹرول کے قریب گوریز سیکٹر میں2برفانی تودے گرنے سے 11فوجی ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 10فوجیوں کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ایک برفانی تودہ کنٹرول لائن کے قریب گوریز سیکٹر کے ضلع بانڈی پورہ میں فوجی کیمپ پر گرا جسکے نتیجے میں متعدد فوجی پھنس گئے جس کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا اور جے سی او سمیت 7فوجیوں کو بچا لیا گیا جبکہ صبح کے وقت 3فوجیو ں کی لاشیں نکال لی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک اور برفانی تودہ گزشتہ شام فوج کی پٹرولنگ پارٹی پر گراجو گرریز سیکٹر میں واقع اپنی پوسٹ کی طرف جارہے تھے ۔ریسکیو ٹیموں نے 3فوجیوں کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ بعض فوجی اب بھی لاپتہ ہیں۔ گزشتہ روز بھی مقبوضہ کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقے سونمرگ میں برفانی تودہ گرنے سے ایک میجر ہلاک ہوگیا تھا جبکہ گرریز سیکٹرمیں ایک اور تودے کی زد میں آکر ایک ہی خاندان کے 4افراد ہلاک ہوگئے ۔حکام نے شدید برفباری کے باعث مزید تودے گرنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے جبکہ کئی پہاڑی علاقوں کا دیگر علاقوں سے رابطہ کٹ گیا۔

وادی کو جموں سے ملانے والی واحد نیشنل ہائی وے بند ہوگئی جبکہ سرینگر سے متعد د پروازیں بھی منسوخ ہوگئیں ۔واضح رہے کہ گزشتہ سال خطے میں دو برفانی تودے گرنے کے واقعات میں 14بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم نریندر مودی نے برفانی تودوں کی زد میں آکرفوجیوں کی ہلاکت کے واقعے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اورسرچ آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔