بریکنگ نیوز
Home / صحت / فون نہ بجنے کے باوجود ایسا لگنا نفسیاتی عارضے کی علامت

فون نہ بجنے کے باوجود ایسا لگنا نفسیاتی عارضے کی علامت


مشی گن۔ گھر میں یا دورانِ سفر ہمیں اکثر یوں لگتا ہے کہ موبائل فون کی گھنٹی بجی ہے یا کوئی میسج آیا ہے لیکن فون دیکھنے پر ایسی کوئی بات نہیں ہوتی جس پر ماہرین کا کہنا ہےکہ یہ احساس فون زیادہ استعمال کرنے والوں کو ہوتا ہے اور اس عمل کو ’’بھوت ارتعاش‘‘ یا فینٹم وائبریشن کہا جاتا ہے۔

ماہرینِ نفسیات کے مطابق اس کی شدت الگ الگ ہوسکتی ہے جس کا انحصار استعمال کرنے والوں پر ہوتا ہے۔ جو لوگ اسمارٹ فون جتنا زیادہ استعمال کرتے ہیں وہ فون پر پیغام یا کال کے وہم کے زیادہ شکار ہوتے ہیں تاہم خواتین میں اس کا رحجان زیادہ دیکھا گیا ہے۔

ماہرینِ نفسیات کا کہنا ہےکہ جن خواتین کو فینٹم وائبریشن کا تجربہ نہیں ہوتا وہ دیگر خواتین کے معاملے میں جذباتی و نفسیاتی طور پر زیادہ مستحکم ہوتی ہیں یعنی خواہ مخواہ فون بجنے کا احساس نفسیاتی صحت کی خرابی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔

یونیورسٹی آف مشی گن کے ماہرین نے یہ نیا مطالعہ کیا ہے اور ان کے مطابق یہ کیفیت اسمارٹ فون پر بے جا نفسیاتی انحصار کو ظاہر کرتی ہے۔ سروے کرنے والے کے مطابق فون کے شدید عادی افراد اتنے حساس ہوجاتے ہیں کہ وہ ہرکیفیت کو فون پر آنے والا پیغام سمجھتے ہیں۔ یہ تحقیق انسانوں اور اسمارٹ فون کے درمیانی تعلق کو بھی گہرائی سے بیان کرتی ہے۔

اس سروے میں 384 خواتین اور 382 مرد شامل کیے گئے تھے جن میں ان کے فون پر وہمی کالزاور ایس ایم ایس کے بارے میں سوالات کیے گئے تھے۔ شرکا کی 77 فیصد تعداد نے کہا ہےکہ انہیں فون کی وائبریشن محسوس ہوتی ہے جب کہ فون خاموش ہوتا ہے۔ 47 فیصد نے نوٹیفکیشن یعنی پیغام وغیرہ کی شکایت کی جب کہ 37 فیصد نے فون بجنے کی شکایت کی جب کہ ایسا نہیں ہوا تھا۔