بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سکیورٹی خدشات، وزیراعظم نے سنٹرل پولیس آفس لاہورکا دورہ منسوخ کردیا

سکیورٹی خدشات، وزیراعظم نے سنٹرل پولیس آفس لاہورکا دورہ منسوخ کردیا

لاہور۔وزیراعظم نوازشریف نے سکیورٹی خدشات کے باعث سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ منسوخ کردیا ،پولیس اہلکاروں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی جبکہ سکیورٹی ریہرسل کے دوران غفلت برتنے پر تین اہلکاروں کوحوالات بند کردیا گیا اور ایس ایچ او شاہدرہ ٹاؤن کی سروس ضبط کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف ہفتے کے روز سینٹرل پولیس آفس کا دورہ کررہے تھے جس کو منسوخ کر دیا گیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق یہ توقع کی جا رہی تھی کہ وزیر اعظم پولیس سینٹرل آفس کے دورے کے دوران پولیس اہلکاروں کی ترقی کے حوالے سے اہم اعلان کریں گے اور ان کے لئے مراعات کا اعلان کریں گے لیکن ان کے نہ آنے کی وجہ سے پولیس اہلکاروں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ عین موقع پر دورہ منسوخ ہونے کی وجہ سے ان میں مایوسی پیدا ہو گئی ہے۔

وزیر اعظم کی لاہور آمد کے سلسلے میں کی گئی سکیورٹی ریہرسل کے دوران ایس پی سول لائن علی رضا نے مال روڈ پر ایس او پی کے برعکس ڈیوٹی کرنیو الے تین اہلکاروں کو تھانہ پرانی انارکلی کی حوالات میں بند کروا دیا۔ایس ایچ او شاہدرہ ٹان ملک مشتاق کو تاخیر سے آنے پر دو سال کی سروس ضبطگی جبکہ استنبول چوک میں تعینات اے ایس آئی کو معطل کردیا۔ ایس پی علی رضاکا کہنا تھاکہ ریہرسل کے دوران ایس او پی کی خلاف ورزی کرنیو الوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔