بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / بڈگام پورہ میں کمسن طالب علم کی ہلاکت ، مقبوضہ کشمیر میں عام ہڑتال

بڈگام پورہ میں کمسن طالب علم کی ہلاکت ، مقبوضہ کشمیر میں عام ہڑتال


سرینگر۔ مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام پورہ میں کمسن طالب علم کی ہلاکت کے خلاف گزشتہ روز مکمل ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہڑتال کی اپیل حریت قیادت نے کی تھی حریت قیادت نے اس موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی فوج اور اس کی معاون فورسز جموں و کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا بدترین مظاہرہ کر رہی ہیں اور وہ بندوق کی طاقت سے رائے عامہ کو دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔پلوامہ میں سرکاری فورسز کے ہاتھوں کمسن طالب علم عامر نذیر کی ہلاکت کے خلاف گزشتہ روز وادی بھر میں عام ہڑتال کی گئی اس موقع پر تمام کاروباری مراکز ، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے۔

پلوامہ کے مختلف علاقوں میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے کئے گئے ۔مظاہرین نے بھارتی فوج اور حکومت کے خلاف احتجاجی نعرے لگاتے ہوئے حق خودارادیت کے حصول تک آزادی کی جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا ۔ دریں اثناء حریت رہنماؤں سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کمسن طالب علم کی ہلاکت پر اپنے گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج اور اس کی معاون فورسز جموں و کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کا بدترین مظاہرہ کر رہی ہیں اور وہ بندوق کی طاقت سے رائے عامہ کو دبانے کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں ۔ آزادی پسند قائدین نے پلوامہ میں شہید ہوئے دو مجاہدین کو بھی شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس خطے میں جو بھی خون خرابہ اور انسانی زندگیوں کا اتلاف ہو رہا ہے اس کے لئے صرف اور صرف بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی والی پالیسی ذمہ دار ہے ۔آزادی پسند قائدین نے کہا کہ بھارتی فوج عسکرتی پسندوں کی موجودگی کا بدلہ عام شہریوں سے لے رہی ہے اور وہ انہیں سافٹ ٹارگٹ جان کو نشانہ بنا رہی ہے یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور اس طرح کی کارروائیاں جنگی جرائم کے زمرے میں شامل ہیں۔

بیان کے مطابق انکاؤنٹر سائیٹ پر عام شہریوں کا جمع ہونا اس حقیقت کا بین ثبوت ہے کہ یہ کوئی لا اینڈ آرڈر والا مسئلہ ہے اور نہ اس کا دہشتگردی کے ساتھ کوئی تعلق ہے اس کے برعکس یہ ایک عوامی تحریک ہے اور کشمیر کا بچہ بچہ بھارت کے جبری قبضے کے خلاف اٹھ کھڑا ہوا ہے قائدین نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی فوج اس زمینی حقیقت کو قبول کرنے کے بجائے عام شہریوں کو قتل کرنے پرتلی ہوئی ہے اور وہ ان مواقع پر سویلین کو ٹارگٹ فائیر کر کے قتل کرتی یہ لوگوں کے مکانات کو انتقاماً بلاسٹ کیا جاتا ہے اور ان کی املاک کو لوٹ لیا جاتا ہے ۔ قائدین نے کہاکہ سرکاری فورسز کے اس رویئے سے حالات دن بدن دھماکہ خیز صورت اختیار کر رہے ہیں اور ریاست میں جاری سیاسی غیر یقینیت میں ازحد اضافہ ہو رہا ہے ۔