بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / تحریک انصاف کاوزیراعظم سے جاوید لطیف کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

تحریک انصاف کاوزیراعظم سے جاوید لطیف کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد۔پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما علی محمد خان نے وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کے پارلیمنٹ کے اندر رویئے پر ان کے خلاف کارروائی کریں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ ایوان میں اختلافِ رائے ہوسکتا ہے اور اگر کسی بھی موقع پر دو مردوں کے درمیان جھگڑا ہو تو اس کی سزا کسی کی ماں یا بہن کو دینا کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایوان میں کئی بڑے جھگڑے ہوئے، مگر یہ پہلی مرتبہ تھا جب سرِ عام کسی کی ماں اور بہن کو نشانہ بنایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کے بعد وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی آگے بڑھ کر بات کرنی چاہیئے اور وہ اپنے رکن اسمبلی سے سوال کریں کہ آیا انھوں نے ایسی بات کیوں کی۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ جس روز پی ٹی آئی رہنما مراد سعید اور جاوید لطیف کے درمیان اسمبلی کے باہر جھگڑا ہوا۔

اسی روز وزیراعظم کو چاہیئے تھا کہ وہ اس پر اپنی جماعت کے رکن سے جواب طلب کرتے۔علی محمد خان نے کہا کہ جب تک اس معاملے کی تحقیقات کے بعد کارروائی نہیں ہوگی، اس وقت تک ہم جاوید لطیف کے ساتھ کسی جگہ بیٹھنا پسند نہیں کریں گے۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کے مسئلے پر کئی بیانات آئے، لیکن کسی موقع پر بھی تحریک انصاف نے مریم نواز کو نشانہ نہیں بنایا، کیونکہ ہم خواتین کا احترام کرنا جانتے ہیں۔