اپنی تحقیق کے پہلے مرحلے میں ان سائنسدانوں نے ایسے 65 سابقہ مطالعات کا جائزہ لیا جن میں دنیا بھر میں پائی جانے والی تمام مکڑیوں کی تعداد کے بارے میں اندازے لگائے گئے تھے۔ اس جائزے کی بنیاد پر انہوں نے تخمینہ لگایا کہ اس وقت دنیا میں موجود ساری کی ساری مکڑیوں کا مجموعی وزن 25 ملین (2 کروڑ 50 لاکھ) میٹرک ٹن جتنا ہے۔

اگلے مرحلے میں یہی تخمینہ استعمال کرتے ہوئے انہوں نے مزید یہ حساب بھی لگایا کہ روزانہ کون کون سے حشرات اور چھوٹے جانور مکڑیوں کا شکار بنتے ہیں اور ان کا جسمانی وزن کتنا ہوتا ہے۔ غرض کہ تمام اعداد و شمار اور تخمینہ جات یکجا کرنے کے بعد انہوں نے اندازہ لگایا کہ دنیا بھر کی تمام مکڑیاں مجموعی طور پر سالانہ 40 کروڑ سے 80 کروڑ ٹن گوشت (کیڑے مکوڑوں، مچھلیوں اور چھوٹے جانوروں کا) کھاتی ہیں اور گوشت کی یہ مقدار اس کے مقابلے میں بھی زیادہ ہے جو تمام دنیا کے سارے انسان مل کر پورے سال میں کھاتے ہیں۔