بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ہنگو: سکیورٹی فورسز کیساتھ جھڑپ میں میجر شہید،اہم کمانڈر سمیت6دہشت گرد ہلاک

ہنگو: سکیورٹی فورسز کیساتھ جھڑپ میں میجر شہید،اہم کمانڈر سمیت6دہشت گرد ہلاک


ہنگو۔ہنگو میں لوئر اورکزئی کے مقام پر سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں میجر شہید جبکہ سپاہی زخمی ہو گیا ، جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔بدھ کی علی الصبح لوئر اورکزئی کے علاقے اتمان خیل میں سکیورٹی فورسز کی ٹیم گشت پر مامور تھی کہ اچانک دہشت گردوں کی جانب سے فورسز کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں میجر مدثر موقع پر ہی شہید ہوگئے۔

جبکہ سپاہی مطیع اللہ فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہو گئے ۔سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی جوابی کارروائی میں کالعدم تحریک طالبان کا اہم کمانڈر شاہ دران سمیت 6دہشت گردوں کوجہنم واصل کردیا گیا ۔بعد ازاں سکیورٹی فورسز نے زخمی سپاہی مطیع اللہ کو طبی امداد فراہم کر نے کے لئے سکیورٹی میڈیکل کیمپ منتقل کردیا جبکہ واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا گیا جس میں سکیورٹی فورسز نے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔