بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان دفاعی معاہدوں پر دستخط

پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان دفاعی معاہدوں پر دستخط

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان افواج کی تربیت اور دفاعی سامان کی خرید و فروخت سمیت دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے معاہدہ طے پاگیا۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کے حوالے سے معاہدے کی تقریب وزارت دفاع راولپنڈی میں ہوئی، جہاں دونوں ممالک کے وزرا دفاع نے یاداشتوں پر دستخط کیے۔

ان معاہدوں میں تربیتی پروگرام، دفاعی سامان کی خریدوفروخت سمیت دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ ڈیفنس کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق ہوگیا۔۱جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع این این ماپیسا نقاکولا نے جے ایف 17 اور سپر مشاق طیاروں کی خریداری میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مقاصد سے آگاہ کیا اور بتایا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں پاکستان تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہتھیاروں اور اسلحے کی خرید و فروخت کے لیے مغرب پر انحصار کم اور جنوبی افریقہ جیسے دوست ممالک کے ساتھ روابط بڑھا رہے ہیں۔علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق جنوبی افریقی وزیر دفاع نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات کے دوران دفاع اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق این این ماپیسا نقاکولا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔اس سے قبل جی ایچ کیو پہنچنے پر جنوبی افریقہ کی وزیر دفاع نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے ،پا ک فوج کے چاک و چوبند دستے مہمان شخصیت کو گارڈ آف آنر پیش کیا،علاوہ ازیں جنوبی افریقی وزیردفاع نے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں دفاعی پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔