بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سی ایس ایس 2018 کا امتحان اردو میں لینے کا فیصلہ معطل

سی ایس ایس 2018 کا امتحان اردو میں لینے کا فیصلہ معطل


لاہور۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی اپیل باقاعدہ سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے سی ایس ایس 2018 کا امتحان اردو میں لینے کاسنگل بینچ کا فیصلہ معطل کر دیا۔

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے سی ایس ایس امتحان اردو میں لینے کا فیصلہ چیلنج کیا گیا تھا۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ سی ایس ایس 2018 کا امتحان اردو میں لینا مشکل ہے۔ اردو میں امتحان لینے کیلئے سلیبس ہے اور نہ ہی ایگزامنرز ہیں۔ جبکہ گریجوایشن میں بھی اردو لازمی زبان نہیں ہے، اس لئے سی ایس ایس کا امتحان اردو میں لینا عملی طور پر ممکن نہیں ہے۔

درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے زمینی حقائق کا جائزہ لئے بغیر ہی فیصلہ دیدیا ہے لہذا عدالت سی ایس ایس 2018 کا امتحان اردو میں لینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے فیصلوں سے زبانیں تبدیل نہیں ہوتیں۔ جبکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اردو زبان کو رائج کرنے کیلئے اقدامات کرنے سے متعلق ہے، چیف جسٹس نے مزید کہا کہ آئین بھی اردو زبان رائج کرنے کیلئے پیشگی اقدامات کرنے کا کہتا ہے۔ عدالت نے مزید سماعت 3 ہفتوں تک ملتوی کرتے ہوئے لاہورہائیکورٹ کے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کر دیا۔