بریکنگ نیوز
Home / کھیل / چیمپئنز ٹرافی میں جدید کیمروں کا استعمال

چیمپئنز ٹرافی میں جدید کیمروں کا استعمال

دبئی۔بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے رواں برس جون میں انگلینڈ اینڈ ویلز میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے پہلی مرتبہ کھلاڑیوں کی ٹریکنگ اور ٹورنامنٹ کے تفصیلی نشریاتی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔اس ٹورنامنٹ میں کل آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی اور پہلا میچ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان اوول کرکٹ گراؤنڈ میں یکم جون کو کھیلا جائے ا۔ٹورنامنٹ کے تمام میچوں میں 34 کیمرے استعمال کیے جائیں گے جن میں آٹھ جدید ترین الٹرا موشن ہاک آئی کیمرے، سپائڈر کیم اور پچ کے سامنے اور عقب کی تصویر کشی کے لیے سٹمپ میں کیمرے لگے ہوں گے۔ کرکٹ کی ٹی وی کوریج کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چھ کھلاڑیوں کی ٹریکنگ کے کیمرے بھی استعمال کئیجائینگے اور 18 جون کو اوول میں فائنل کے موقع پر ڈرون کیمرہ بھی استعمال کیا جائے گا۔

آئی سی سی ٹی وی ٹورنامنٹ کے تمام پندرہ میچ نشر کرے گا جس میں اس کو پروڈکشن میں سن سیٹ پلس وائن کا اشتراک حاصل ہو گا اور اس کو تمام ساز و سامان این ای پی براڈکاسٹ سلوشن نامی کمپنی فراہم کرے گی۔کمنٹیٹرز میں دنیا کے چوٹی کے کمنٹیٹر شامل ہیں‘اس ٹورنامنٹ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ سابق کھلاڑی آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، نیوزی لینڈ کے برینڈن میکولم، سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور جنوبی افریقہ کے گریم سمتھ پہلی مرتبہ تبصرہ کریں گے۔

اس کے علاوہ کمنٹری کرنے والوں میں سورو گنگولی، شین وان، مائیکل سلیٹر، ناصر حسین، مائیکل ایتھرٹن، شان پولاک، سنجے منجریکر، ایئن بشپ، رمیز راجہ، سائمن ڈول اور اطہر علی خان شامل ہوں گے‘امید کی جا رہی ہے کہ اس مرتبہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد مثالی ہوگا اور کھلاڑیوں کو بھی اپنی بہترین صلاحیتیں دکھانے کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔