بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پانامہ کیس فیصلہ ٗ کون جیتا کون ہاراٗ عوام پریشان

پانامہ کیس فیصلہ ٗ کون جیتا کون ہاراٗ عوام پریشان

اسلام آباد ۔ پاناما کیس کے فیصلے پر وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے رب العزت کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مبارک وزیراعظم نواز شریف۔سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ سنانے کے بعد اپنے ٹوئٹر پیغام دختر اول نے خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ تعریف صرف اللہ کے لئے ہے مبارک باد وزیر اعظم ۔

مریم نواز کی سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تصاویر میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے فیصلے کے بعد وزیراعظم سے گلے مل کر مبارک باد دی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خاں ، گورنر سندھ محمد زبیر ، وزیراعظم کے معاون خاص عرفان صدیقی اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید بھی موجود تھے ۔دوسری جانب سپریم کورٹ کی طرف سے پانامہ لیکس کا فیصلہ سناتے ہی شاہراہ دستور پر موجود مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے جشن منانا شروع کردیا،دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکن اپنی قائدین کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔

پی ٹی آئی کے کارکن وزیراعظم نوازشریف کے خلاف نعرے لگاتے رہے جبکہ (ن) کے کارکن عمران خان کے خلاف نعرے لگاتے رہے،جماعت اسلامی کے کارکنان نے بھی نعرے بازی کی،حکومت اور اپوزیشن کی جماعتیں عدالتی فیصلے کو اپنی اپنی فتح قرار دیتی رہیں،لیگی کارکنوں نے شاہراہ دستور پر مٹھائیاں بھی بانٹیں اور پارٹی پرچموں کے ساتھ بھنگڑے ڈالتے رہے۔