Home / سائنس و ٹیکنالوجی / انسٹاگرام انٹرنیٹ کے بغیر بھی استعمال کرنا ممکن

انسٹاگرام انٹرنیٹ کے بغیر بھی استعمال کرنا ممکن

پشاور۔ پشاور اگر آپ انسٹاگرام استعمال کرتے ہیں لیکن انٹرنیٹ کی کم سپیڈ کی وجہ سے اکثر تصاویر پوسٹ کرنے سے محروم رہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس فوٹو شیئرنگ ایپ کو اب انٹرنیٹ کے بغیر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ اس بات کا اعلان فیس بک کی سالانہ ایف ایٹ کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ فیس بک کی زیرملکیت اس ایپ کو اب اینڈرائیڈ صارفین آف لائن بھی استعمال کرسکیں گے۔ آف لائن استعمال کے دوران صارفین اپنی فیڈ میں براؤز کرسکیں گے جبکہ ایکسپلور ٹیب کو بھی استعمال کرسکیں گے‘ چاہے انٹرنیٹ کام کررہا ہو یا نہیں۔

تاہم صارفین صرف وہی تصاویر اور پروفائلز دیکھ سکیں گے جو اْس وقت لوڈ ہوچکی ہوں جب ان کی ڈیوائس انٹرنیٹ سے کنکٹ تھی۔ اسی طرح آف لائن تصاویر کو لائیک‘ کمنٹ اور دیگر افراد کو اَن فالو کیا جاسکے گا مگر انٹرنیٹ کنکٹ ہونے پر ہی یہ عمل مکمل ہوگا۔ فیس بک کے مطابق انسٹاگرام کے 80 فیصد صارفین امریکہ سے باہر رہتے ہیں اور اکثر ممالک میں انٹرنیٹ کی سہولت کافی محدود یا اس کی رفتار بہت خراب ہوتی ہے۔ اینڈرائیڈ فونز میں یہ سہولت اس لئے متعارف کرائی گئی ہے کیونکہ ترقی پذیر ممالک میں اکثر گوگل کے اس آپریٹنگ سسٹم والے سمارٹ فونز ہی استعمال ہوتے ہیں۔