بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / پاک فوج کے اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ افغانستان

پاک فوج کے اعلیٰ سطحی وفد کا دورہ افغانستان

اسلام آباد۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدا یات پر پاک فوج کے اعلیٰ سطحی وفد نے افغانستان کا دورہ کیا ہے، وفد نے افغانستان کے شہر مزار شریف حملے پر آرمی چیف کی طرف سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ملاقات کے د وران پاکستان اور افغانستان کے فوجی حکام نے دہشتگردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جمعرات کے روز پاک فوج کے اعلیٰ سطحی وفد نے افغانستان کا دورہ کیا، پاکستانی وفد کی قیادت چیف آف جنرل اسٹاف لفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے کی۔ وفد نے افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع سے ملاقات کی۔ وفد نے افغانستان کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹنینٹ جنرل شریف جیشفانی سے بھی ملاقات کی۔

پاک فوج کے وفد نے آرمی چیف کی طرف سے مزار شریف حملے میں شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وفد نے مزار شریف حملے کے زخمیوں کی مفت طبی امداد کی بھی پیش کش کی۔ اس موقع پر افغانستان کے فوجی حکام نے کہا کہ افغان فورسز نے پاک افغان بارڈر پر اپنی طرف دہشتگردوں پر مکمل کنٹرول پا لیا ہے۔ امید ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ افغان حکام نے مزید کہا کہ دہشتگرد پاکستان اور ٖافغانستان کے مشترکہ دشمن ہیں۔ دونوں ممالک کو دہشتگردی کے خاتمے کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ دونوں ملکوں نے بارڈر منیجمنٹ بہتر کرنے پر بھی اتفاق کیا۔