بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / کوہاٹ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ،7کلو وزنی بم برآمد

کوہاٹ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام ،7کلو وزنی بم برآمد


کوہاٹ ۔کوہاٹ میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناکر طاقتور ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔گیس سلنڈر میں تیار کردہ دیسی ساختہ بم میں انتہائی مہلک بارودی مواد اور آہنی چھروں کا استعمال کیا گیا تھا۔ ریموٹ کنٹرول سے منسلک سات کلو وزنی بم کسی مخصوص ہدف کو نشانہ بنانے کیلئے جنگل خیل کے علاقہ چکڑ میلہ میں شارع عام کیساتھ ملحقہ گندم کے کھیت میں نصب کیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقامی افراد کی طرف سے مشکوک شے کی موجودگی کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ جنگل خیل قسمت خان نے فوری کاروائی کرتے ہوئے پولیس نفری کے ہمراہ مقامی حدود کے موضع چکڑ میلہ پہنچتے ہی علاقے کو محاصرے میں لے لیا۔موقع پر پہنچنے والی پولیس پارٹی نے علاقے میں لوگوں کی آمدو رفت کو بند کرکے بم ڈسپوذل سکواڈ کو طلب کرکے کاروئی کے دوران گیس سلنڈر میں نصب خطرناک ریموٹ کنٹرول بم برآمد کرکے نہایت مہارت سے محفوظ طور پت ناکارہ بنادیا۔

بم ڈسپوذل سکواڈ کے مطابق خود ساختہ طور پر تیار کئے گئے بم میں انتہائی طاقتور اور مہلک بارودی مواد کے علاوہ زیادہ تباہی پھلانے کیلئے آہنی چھروں اور پرائما کارڈ کا استعمال کیا گیا تھاجو دھماکہ کرنے کے لئے الیکٹرک ڈیٹونیٹر کے ذریعے ریموٹ کنٹرول سسٹم سے منسلک کیا گیا تھا۔پولیس ذرائع کے بقول تباہی پھیلانے والا انتہائی مہلک ریموٹ کنٹرول بم کسی مخصوص ہدف کو نشانہ بنانے کیلئے مطلوبہ مقام پر نصب کیا گیا تھا جبکہ پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی مذموم سازش ناکام بنا کر علاقے کو بڑی تباہی سے محفوظ کرلیا ہے ۔ادھرپولیس نے ناکارہ بنائے گئے بم و بارودی مواد اور دیگر شواہد قبضے میں لیکر نامعلوم تخریب کاروں کے خلاف تھانہ جنگل خیل میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔