بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بیرون ملک پاکستانیوں کو بھتے کی کالز موصول

بیرون ملک پاکستانیوں کو بھتے کی کالز موصول

اسلام آباد۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے سفارتخانوں کے نمبروں سے ہی دھمکی آمیز اور بھتے کی ٹیلی فون کالز ملنے لگیں ۔ پاکستان دشمنوں کی ایک اور انوکھی سازش منظر عام پر آگئی ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستانی سفارتخانوں کے نمبروں سے ہی دھمکی آمیز کالز کا انکشاف ہوا ہے ۔ کالز میں ان سے بھتہ دینے کا مطالبہ کیا گیا جس کی شکایات پر پاکستانی سفارتخانوں نے نوٹس لے کر ایڈوائزریز جاری کر دی ہیں ۔

نجی ٹی وی نے زرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کال کرنے والے پاکستانی تارکین وطن کو بھتہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مقامی پولیس کے حوالے کرنے کی بھی دھمکیاں دیتے ہیں ۔ پاکستانی سفارتخانوں نے ایڈوائزری میں تارکین وطن کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی فرد کی جانب سے بھتے کا تقاضا پورا نہ کیا جائے ۔ ایسی کال موصول ہو تو فوری طور پر متعلقہ سفارتخانے کو اطلاع دی جائے۔