بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / اسلام آباد میں میٹروبس منصوبے کا افتتاح

اسلام آباد میں میٹروبس منصوبے کا افتتاح


اسلام آباد۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پچھلے دور حکومتوں میں 20سال تک بھی منصوبے مکمل نہیں ہوتے تھے لیکن ہماری حکومت نے لڑکھڑاتے ہوئے منصوبوں کو بھی اپنے پاؤں پر کھڑا کردیا ہے ، سالوں سے التواء کا شکار نیلم جہلم منصوبہ بھی مکمل ہوگیا ہے ، مخالفین کو اللہ ہدایت دے تاکہ وہ بھی ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر میٹروبس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہاکہ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کے منصوبے میں میٹروبس شامل نہیں تھی لیکن دو مہینے پہلے میٹروبس سہولت کو عوام کی مشکلات کو کم کر نے کے لئے شامل کیا گیا ۔میٹرو بس منصوبہ اب ایئرپورٹ کے ساتھ ہی لنک ہو گا اس سے متوسط طبقے کے لئے بڑی سہولت میسر ہوگی اور ایک باوقار سواری ہو گی جو کہ پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک مسافروں کو ایئرکنڈیشنڈ سروس فراہم کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں اگر دیکھا جائے تو 20,20سال تک منصوبے مکمل نہیں ہوتے تھے لیکن ہماری حکومت ملک کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کے لئے ساری توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔

ہزارہ موٹروے بھی 14اگست تک مکمل ہو جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت نے کوالٹی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور ہم نے کمزور اور لڑکھڑاتے ہوئے منصوبوں کو بھی اپنے پاؤں پر کھڑا کیا ،970میگاواٹ کا نیلم جہلم منصوبہ اتنے سالوں سے التواء میں پڑا تھا جسے ہم نے اسے اپنے پاؤں پر کھڑا کرکے مکمل کردیا اور لواری ٹنل بھی مکمل ہونے کا نام بھی نہیں لے رہا تھا روزانہ وہاں پر بسیں کھائیوں میں گرتی تھیں جو کہ ناقابل قبول تھا وہ منصوبہ بھی اب مکمل ہو چکا ہے ۔

نوازشریف نے کہاکہ باوقار ملک میں ضروری ہے کہ اس کے ایئرپورٹس ، موٹرویز اور ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر ہو تاکہ بین الاقوامی انڈسٹری سرمایہ کاری کرے اور اگر ملک میں سڑکوں کا نظام اچھا ہو گا تو کسانوں کی مصنوعات سستے داموں برآمد کی جاسکیں گی اور اس سے ملک میں خوشحالی اور ترقی آئے گی ۔ایک اور سوال پر نوازشریف نے کہا کہ مخالفین کو اللہ ہدایت دے تاکہ وہ بھی ملک کی ترقی میں اپنا حصہ شامل کرسکیں ۔انہوں نے کہاکہ اس ملک میں تفتیش ، گھپلے اور کرپشن سکینڈلز کی اتنی کہانیاں ہیں کہ ان کو اگر لے کر بیٹھیں تو پھر ترقی کی طرف ہماری توجہ ہٹ جائے گی مگر ہم اپنی توجہ صرف اور صرف ترقی پر مرکوز رکھنا چاہتے ہیں جو کہ ملک و قوم کے لئے فائدے مند ہوگا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر میٹروبس منصوبے کا افتتاح کیا ۔واضح رہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی پشاور موڑ سے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ منصوبے کی تعمیر کررہی ہے اور اس منصوبے کی منصوبے کی لمبائی25.6کلومیٹر ہے ، میٹروبس ٹریک کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے منصوبے میں 12پل ،11انڈرپاسز تعمیر کیے جائیں گے اور اس میٹروٹریک پر9میٹروسٹیشن بنائے جائیں گے۔