بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / سکول بند کرنے پر اساتذہ فارغ

سکول بند کرنے پر اساتذہ فارغ

پشاور /شانگلہ ۔شانگلہ میں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور وزیراعظم کے مشیر امیر مقام کے جلسے کے انعقاد کے لیے سرکاری سکولوں کو بند کر نے اور طلبہ کو چھٹی دینے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ہیڈ مسٹرس سمیت نو اساتذہ کو ان کے عہدوں سے معطل کردیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم عاطف خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ شانگلہ میں وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام کے جلسے کے لیے بعض نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں نے سکولوں کو بند کر کے طلبہ کو چھٹی دے دی تھی۔

دو سرکاری تعلیمی اداروں کو بھی بند کیا گیا تھا جس کا حکومت کی طرف سے سختی سے نوٹس لیا گیا ہے۔ ’اس سلسلے میں ہیڈ مسٹرس سمیت نو اساتذہ کو معطل کر کے ان کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور الزامات درست ثابت ہونے پر انھیں نوکریوں سے بھی برخاست کیا جاسکتا ہے۔دریں اثناء محکمہ تعلیم ضلع شانگلہ کی طرف سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں نو خواتین اساتذہ کی معطلی کے احکامات جاری کیے گئے ۔

اعلامیے میں معطل کیے جانے والے اساتذہ کے نام اور عہدے بھی درج ہیں جن میں ہیڈ مسٹرس اور سینیئر اساتذہ شامل ہیں۔ادھر محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے حکام نے شانگلہ کے ضلعی ایجوکیشن کے مردانہ اور زنانہ افسران سے بند سکولوں کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ حکام کے مطابق جو تعلیمی ادارے اس دن بند رہے ان کے ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز کو معطل کیا جائے گا اور اس سلسلے میں باقاعدہ جانچ کی جائے گی۔