بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / بھارت میں شادی کی تقریب ماتم کدہ

بھارت میں شادی کی تقریب ماتم کدہ

نئی دہلی ۔بھارت کی مغربی ریاست راجستھان میں شادی کی تقریب کے دوران گھر کی دیوار گرنے کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق حکا م کا کہنا ہے کہ شادی میں آنے والے مہمانوں نے اچانک تیز بارش سے بچنے کے لیے ایک دیوار پر رکھی جسد کی چادر کے نیچے پناہ لے رکھی تھی کہ اچانک ان لوگوں پر دیوار گر گئی۔یہ واقعہ شہر بھرت پور میں پیش آیا ہے۔

حکام کے مطابق 28 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 15 افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق گرنے والی دیوار کے سائے میں ہی شادی کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔اخبارات نے مقامی پولیس افسر انیل ٹانک کے حوالے سے لکھا ہے کہ تیز طوفانی آندھی کی وجہ سے شادی کے مقام پر دیوار اور اس پر رکھی جسد کی چادر گر گئی۔’ان کا کہنا تھا کہ دیوار تقریبا 27 میٹر لمبی اور 13 فٹ اونچی تھی جس کے نیچے بیٹھے بہت سے مہمان اس کی زد میں آگئے۔انیل ٹانک کا کہنا تھاکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں پہنچایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

ریاست راجستھان کا ضلع بھرت پور دارالحکومت دلی سے جنوب میں تقریبا 200 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔بجلی کی بندش کے باعث امدادی کارکنوں کو اپنا کام کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ کیا دیوار گرنے کی وجہ تیز ہوائیں ہی تھیں۔بھارت میں اس سے قبل بھی عمارتوں کے گرنے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔2013 میں ممبئی میں ایک غیر قانونی زیر تعمیر عمارت گرنے سے 74 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔