بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ملکی ترقی سے بڑھ کر کچھ عزیز نہیں ٗ پرویز خٹک

ملکی ترقی سے بڑھ کر کچھ عزیز نہیں ٗ پرویز خٹک


اسلام آباد ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے قومی مفادات کے امور پر اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔ چین جاتے ہوئے وزیراعظم کے خصوصی طیارے میں انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاست کو ایک طرف رکھتے ہوئے ہم پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے حمایت فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے 14 اور 15 مئی کو بیجنگ میں منعقد ہونے والے ون بیلٹ ون روڈ فورم میں شرکت کیلئے وزیراعظم کے وفد کے رکن کی حیثیت سے پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف، سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور بلوچستان کے وزیراعلیٰ ثناء اﷲ زہری کے ہمراہ سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی دوست ہے اور تمام سیاسی جماعتیں خطہ کی اجتماعی ترقی کے اس کے ایجنڈے کی بھرپور حامی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے سیاسی اختلافات خواہ کتنے بھی زیادہ ہوں ہم قومی امور پر ایک ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی کے نے توانائیوں کو ملک کی ترقی پر مرکوز رکھنے اور اس کے مستقبل کیلئے کوشاں رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ پر ان کے صوبہ کے تحفظات طے پا گئے ہیں اور اس کے بارے میں کوئی خدشات نہیں ہیں۔ انہوں نے سی پیک کو ایک بہت بڑا منصوبہ قرار دیا جو دیگر کے علاوہ مواصلاتی روابط کو بہتر بنا کر خطہ کی خوشحالی کو یقینی بنانے کا حامل ہے۔