بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں چینی زبان سیکھنے کی سہولت

خیبر پختونخوا میں چینی زبان سیکھنے کی سہولت


پشاور۔قومی وطن پارٹی کے رہنما اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد عمرزئی نے کہاہے کہ صوبہ میں جدید طرز کے نو ووکیشنل ٹریننگ سنٹروں کے قیام پرکام تیز کردیاگیاہے جبکہ چارسدہ اور صوابی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی نوشہرہ کے کیمپسز کھولے جارہے ہیں جس کے ذریعے ہزاروں نوجوانو ں کو ہنرمند بناکر بیروزگار ی کم کرنے کی کوشش کی جائے گی آنے والے حالات میں چینی زبان کی بڑھتی اہمیت کے پیش نظر ہم نے فوری طور چار مراکز میں چینی زبان کے کورسز شروع کرادیئے ہیں جبکہ عنقریب مزیدمراکز میں میں یہ سہولت فراہم کیجائے گی۔

گذشتہ روز روزنامہ آج کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رہبر ملی آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے وژن اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی ہدایات کے روشنی میں ہم نے پہلے دن سے ہی فنی تعلیم کے فروغ اور سکلڈ لییر فورس کی تیاری کے لیے کام شروع کررکھاہے اس دوران ہم نے پہلے سے موجودفنی تعلیم کے مراکز کو بہتر بنایا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ اس وقت صوبہ میں نو جدیدترین ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام پر کا م جاری ہے جو چارسدہ ،مانسہرہ ،مردان ،کوہاٹ ،شانگلہ اور دیگر اضلاع میں قائم کیے جارہے ہیں ۔

اسی طرح اس وقت ہم نے پشاور کے تین اور سوات کے ایک مرکزمیں چینی زبان کے کورسز شروع کرادیئے ہیں تین ماہ کے اس کورس میں سالانہ سولہ سو نوجوانوں کو چینی زبان سکھائی جارہی ہے اس طرح پانچ دیگر مراکز میں بھی یہ کورس شروع کیے جارہے ہیں انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تناظر میں ہونے والے روڈ شو کے دوران چینی کمپنیوں کے ساتھ جو ایم او یو ز ہوئے ہیں ان کے مطابق چین کمپنیاں ہمارے ہاں پہلے مرحلے میں رشکئی اور حطار میں ٹیوٹا کے اداروں کو مزید بہتر اورجدید بنائیں گے اوربعدازاں دیگر انڈسٹریل زونزمیں فنی تعلیم وتربیت کے جدید ترین مراکز قائم کیے جائیں گے انہوں نے کہاکہ چارسدہ اور صوابی میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے کیمپسز کے قیام سے علاقہ کے نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم وتربیت کے مواقع میسر آسکیں گے جسکے بعدبیروزگاری کی شرح میں کمی لائی جاسکے گی ۔