بریکنگ نیوز
Home / بزنس / پاکستان نے امریکا سے ٹیکسٹائل مارکیٹ تک ترجیحی رسائی مانگ لی

پاکستان نے امریکا سے ٹیکسٹائل مارکیٹ تک ترجیحی رسائی مانگ لی


کراچی۔  پاکستان نے امریکا سے ٹریول ایڈوائزری پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کومزید مضبوط بنانے کے لیے اس کی ٹیکسٹائل مارکیٹ تک ترجیحی رسائی مانگ لی۔

پاک امریکا ٹریڈاینڈ انویسٹمنٹ فریم ورک ایگریمنٹ (ٹیفا) کونسل کے آٹھویں اجلاس میں وفاقی وزیرتجارت خرم دستگیر نے پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے آئی ٹی سے متعلق خدمات کے ایکسپورٹرز کے لیے ویزا ریجیم نرم کرنے پر بھی زور دیا۔

اجلاس میں امریکی وفد کی قیادت امریکی تجارتی نمائندے (ایوایس ٹی آر) مائیکل فورمین نے کی، وفد میں امریکی سفیر ڈیویڈ ہال، ڈپٹی یوایس ٹی آر میتھیو ووگل، اے یوایس ٹی آر مائیکل ڈیلانے، ڈائریکٹر جنوبی، وسطی ایشیا یوایس ٹی آر زیبا ریاض الدین و دیگر بھی شامل تھے جبکہ پاکستانی وفد سیکریٹری تجارت عظمت رانجھا، ایڈیشنل سیکٹریٹری تجارت اسد ہمایوں، واشنگٹن ڈی سی میں ٹریڈ منسٹر علی طاہر پرمشتمل تھا۔

یاد رہے کہ ٹیفا پر پاکستان اور امریکا کے درمیان 2003میں دستخط ہوئے تھے جبکہ ٹیفا کونسل کا ٹاسک پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت وسرمایہ کاری سے متعلق تعلقات کو فروغ دینا اور دونوں ممالک کے درمیان اس حوالے سے تنازعات کو حل کرنا ہے۔