بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے

حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے


اسلام آباد: وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نواز پاناما کیس کے لئے بننے والی جے آئی ٹی کے سامنے اپنا بیان ریکارڈ کرانے کے لئے جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے۔
پاناما کیس کی جے آئی ٹی نے وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزاد ے حسین نواز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں آج صبح جے آئی ٹی میں پیش ہونےکی ہدایت کی تھی جس پر عمل کرتے ہوئے حسین نواز جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں جہاں وہ اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔ حسین نواز کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی، دانیال عزیز اور طارق فضل چوہدری بھی جوڈیشل اکیڈمی میں موجود ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے حسین نواز کا کہنا تھا کہ مجھے جے آئی ٹی کی جانب سے کل نوٹس ملا جس میں پیش ہونے کا کہا گیا، اپنے وکیل فضل غنی ایڈوکیٹ کے ہمراہ جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہو کر اپنا موقف پیش کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی جانب سے مجھے کسی قسم کا کوئی سوالنامہ پیش نہیں کیا گیا بلکہ صرف 24 گھنٹے کے اندر پیش ہونے کا کہا گیا۔
واضح رہے کہ جے آئی ٹی نے حسین نواز کو اس سے قبل 25 مئی کو طلب کیا گیا جس میں انہیں تمام دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی تھی جس پر حسین نواز نے جے آئی ٹی کے 2 ممبران پر اعتراض کرتے ہوئے ایک درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرائی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان ممبران کی سیاسی جماعت سے وابستگی ہے لہذا انہیں جے آئی ٹی سے علیحدہ کیا جائے جس پر 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت 29 مئی کو مقرر کررکھی ہے۔