بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / حکومت کو یرغمال اور دھمکیاں دینے والوں کو کھلی اجازت نہیں دیں گے ،خواجہ سعد رفیق

حکومت کو یرغمال اور دھمکیاں دینے والوں کو کھلی اجازت نہیں دیں گے ،خواجہ سعد رفیق


اسلام آباد ۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہم نے بہت برداشت دکھائی ہے لیکن اب کسی کو سرکاری دفاتر بند کرنے، حکومت یرغمال بنانے ، شہر بند کرانے اور دھمکیاں دینے والوں کو کھلی اجازت نہیں دیں گے جبکہ وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا ہے ۔اب عمران خان خیرات اور زکواۃ کے پیسوں کا حساب بھی دیں؟

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت اور وزیراعظم نے روز اول سے پاناما لیکس کے معاملے کو لیگل فورم پر لے جانے کے لئے کہا ، حکومت نے ہرطرح سے کوشش کی کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے، سپریم کورٹ کے ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کی درخواست کی لیکن تحریک انصاف نے جوڈیشل کمیشن نہ بننے دیا، عمران خان نے ریٹائر جج پر مشتمل کمیٹی بنانے پر اتنا شور مچایا کہ کوئی جج تحقیقات میں شامل ہونے کے لئے تیار نہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بھی قانون لانے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن نے اسے ناکام بنا دیا قومی اسمبلی اور سینٹ میں بھی پی ٹی آئی اراکین نے پاناما معاملے پر راہ فرار اختیارکی، ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ نہیں اور نہ ہی مسئلے کا حل چاہتی ہے اپوزیشن کی جانب سے پیش کئے جانے والے ٹی او آرز صرف وزیر اعظم کی ذات کو نشانہ بنانا رہے تھے کیونکہ اپوزیشن کا ہدف صرف نوازشریف ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اب پاناما کے حوالے سے قانونی عمل کا آغاز ہوگیا ہے، عمران خان بتائیں کہ وہ دھرنا کیوں دینا چاہتے ہیں اور دارالحکومت کو بند کرنے کے کیوں درپے ہیں، مسائل کا حل میڈیا اور سڑکوں پر کیوں چاہتے ہیں، عمران خان عدالت عظمیٰ میں آگئے ہیں تو انہیں اب ادارے پر اعتماد اور عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا انتظار کرنا چاہئے، اب اسلام آباد بند کرنے کا کوئی جواز باقی نہیں بچتا وہ جمہوریت کو خطرے کی جانب لے جانا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہر صورت جمہوریت کا خاتمہ ہو۔

ہم نے بہت برداشت دکھائی ہے لیکن اب کسی کو سرکاری دفاتر بند کرنے، حکومت یرغمال بنانے اور شہر بند کرانے کی اجازت نہیں دیں گے، انہوں نے کہاکہ کچھ اپوزیشن رہنما پانامہ کے معاملے پر دھول اڑا رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی حکومت کو دھمکیاں دے گا تو پھر ایسے لوگوں کو کھلی چھٹی نہیں دی جاسکتی، اسلام آباد بند کرنیوالوں کیخلاف بھرپور طریقے سے نمٹنے کے لئے مشاورت جاری ہے۔