بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / خیبر پختونخوا میں تیل کی تلاش کے منصوبے پر دستخط

خیبر پختونخوا میں تیل کی تلاش کے منصوبے پر دستخط


اسلام آباد ۔چینی کمپنی جیریح گروپ نے خیبرپختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں جو کہ علاقہ میں تیل کی تلاش کرنے والی کمپنیوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے خیبرپختونخوا میں 15000 بی پی ڈی ریفائنری قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر جیریح گروپ ایچ ای لی نے پشاور کا دورہ کیا اور ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ سیکرٹری انرجی و پاور کے پی کے انجینئر محمد نعیم خان، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی شہاب علی شاہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر کے پی او جی سی ایل ریاض الدین اور ڈی جی ایم کے پی او جی سی ایل نعمان اکبر سے ملاقات کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیریح گروپ تمام امکانات کے جائزہ کے بعد صوبہ میں اپنے منصوبہ کو آگے بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ کے پی او جی سی ایل کی تیار کردہ ابتدائی فزیبلٹی سٹڈی مہمان وفد کو پیش کی گئی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے پی او جی سی ایل ریاض الدین نے کہا کہ اس منصوبہ سے بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 10 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی اور خیبرپختونخوا میں ای اور پی کمپنیوں کو فائدہ ہو گا۔ مفاہمت کی یادداشت کے تحت جیریح گروپ اس منصوبہ کی تفصیلی فزیبلٹی سٹڈی تیار کرے گا۔ اس منصوبہ کی تکمیل کے بعد کاروباری سماجی ذمہ داری کے تحت ایک ملین ڈالر کمیونٹی ترقی پر خرچ کئے جائیں گے۔