بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / جنوبی اضلاع میں سولر ٹیوب ویلزپر کام جاری

جنوبی اضلاع میں سولر ٹیوب ویلزپر کام جاری


ایبٹ آباد ۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صاف پینے کا پانی اس وقت ملک بھر میں ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، کراچی میں پانی کے نام پر ایک مافیا اربوں روپے کما رہا ہے، خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع سمیت مختلف علاقوں میں مستقبل میں پانی کے مسائل دیکھ رہے ہیں جس کے لئے ابھی سے ایک جامع حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز ایبٹ آباد میں محکمہ آبنوشی کی واٹر سپلائی گریویٹی اسکیم سے متعلق بریفنگ کے بعد میڈیا کے نمایندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ اسپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ اور وزیر آبنوشی شاہ فرمان، وزیر خوراک قلندر لودھی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اعلی تعلیم مشتاق احمد غنی بھی موجود تھے، اس موقع پر محکمہ آبنوشی کے چیف انجینئر بہرہ مند نے واٹر گریویٹی اسکیم سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ اسکیم صوبہ کی سب سے بڑی اسکیم ہے جس کا تخمینہ 167 ملین روپے ہے اور اس سے 6.8ملین گیلن پانی روزانہ ڈیمانڈ لگائی گئی ہے جس کی ٹارگٹ آبادی 2لاکھ16ہزار353 افراد ہیں، چیئرمین تحریک انصاف کو بتایا گیا کہ ایسی ہی نوعیت کی دوسری بڑی اسکیم کاجلدمانسہرہ میں بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پرمیڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد میں سال میں دو مرتبہ پانی کی قلت کا سامنا ہوتا ہے جس پرقابو پانے کے لئے یہ منصوبہ مفید ثابت ہو گا، خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں 530سولر ٹیوب ویلز پر کام جاری ہے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف صوبہ میں بہترین اور تاریخی اصلاحات لے کر آئی ہے، پہلی بار صوبہ کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کے لیے بائیو میٹرک حاضری نظام متعارف کرایا گیاہے جس کی وجہ سے ڈاکٹرز احتجاج پر شروع ہو گئے اور خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار ڈیوٹی نہ کرنے والے ڈاکٹروں کے خلاف ایکشن بھی لیا گیا۔

شعبہ صحت میں اصلاحاتی عمل کے نتیجہ میں آج لوگ پرائیویٹ ہسپتالوں کو چھوڑ کر سرکاری ہسپتالوں میں آ رہے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف نے مرکزی حکومت کو تنقید کاُنشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے جان بوجھ کر نہال ہاشمی کاڈرامہ رچایا ہے اس کو قربانی کابکرا بناکرپیش کیا گیا اور پھر بعد میں اس کو نوازا جائے گا۔