بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / تنخواہوں اور پنشن میں 20 فیصد اضافے کی سفارش

تنخواہوں اور پنشن میں 20 فیصد اضافے کی سفارش


اسلام آباد۔سینیٹ قائمہ کمیٹی منصوبہ بندی و ترقی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 20 فیصد اضافے کی سفارش کرلی، کمیٹی نے کراچی میں پانی کے منصوبہ جات کیلئے ایک ارب روپے، کراچی سرکلر ریلوے کیلئے دو ارب روپے کے علاوہ دیگر منصوبہ جات کیلئے فنڈز کے اجراء کی سفارشات منظور کر لیں،کمیٹی نے صاف پانی فراہمی کے منصوبوں کیلئے فنڈ مزید بڑھانے اور فاٹا میں تباہ شدہ مکمل مکان کی امدادی رقم 30لاکھ اور لیوی ملازمین کی پنشن کی ادئیگی سمیت فاٹا کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں سے تین فیصد اضافے کی سفارشات بھی منظور کر لیں۔

جمعرات کوسینیٹ قائمہ کمیٹی منصوبہ بندی و ترقی کا اجلاس میں چیئرمین کمیٹی سینیٹر کرنل (ر) سید طاہر حسین مشہدی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 20 فیصد اضافے کراچی میں پانی کے منصوبہ جات کیلئے ایک ارب روپے کراچی سرکلر ریلوے کیلئے دو ارب روپے کے علاوہ کراچی کے ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے فنڈز کے اجراء کی سفارشات منظور کی گئیں، سینیٹر فرحت اللہ بابر کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس میں وزیراعظم کے وعدہ کے مطابق مغربی روٹ کو ترجیح اور مغربی روٹ کو مشرقی طرز پر بنائے جانے کی سفارش منظور کی گئی، تجویز پاک چین اقتصادی راہداری پارلیمانی کمیٹی کو بجھوا دی گئی ۔

صاف پانی فراہمی کے منصوبوں کیلئے فنڈ مزید بڑھانے کی سفارش منظور کی گئی ، سینیٹرز سیف اللہ مگسی کی طرف سے موسمیاتی تبدیلیوں کے منصوبہ جات میں چار ارب روپے کے اضافے کی تجویز منظور کیا گیا، سینیٹرز عثمان خان کاکٹر ، اعظم خان موسیٰ خیل کی طرف سے بلوچستان میں منرلز کے سروے کا بجٹ مختص کرنے اور صوبہ بلوچستان میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر گیس ایئر مکس پلانٹس لگانے کی سفارش منظور کی گئی، سینیٹر اورنگزیب خان کی طرف سے فاٹا میں تباہ شدہ مکمل مکان کی امدادی رقم 30لاکھ اور لیوی ملازمین کی پنشن کی ادئیگی ، فاٹا کیلئے این ایف سی ایوارڈ میں سے تین فیصد اضافے کی سفارش بھی منظور کر لی گئی ۔

سینیٹر مفتی عبدالستار کی طرف سے اللہ یار ڈیم ضلع کچھی بلوچستان کی دوبارہ تعمیر کیلئے فنڈز جاری کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا، سینیٹر چوہدری تنویر کی سفارشات قائمہ کمیٹی خزانہ کو بجھوا دی گئیں ۔ سینیٹر ز عثمان خان کاکٹر ، اعظم خان موسیٰ خیل کی طرف سے منرل ریسرچ لیبارٹری مسلم باغ میں قائم کرنے کی سفارش منظور کر لی گئی ۔اجلاس میں فرحت اللہ بابر ، سراج الحق، مفتی عبدالستار، محمد عثمان خان کاکڑ ، سعود مجید ، محسن لغاری ، نوابزدہ سیف اللہ مگسی ، کریم احمد خواجہ ، چوہدری تنویر ، اورنگزیب خان، اعظم موسیٰ خیل کے علاوہ سیکرٹر ی منصوبہ بندی و ترقیات اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔