بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پاک بھارت میچ پر سیاہ بادل چھا گئے

پاک بھارت میچ پر سیاہ بادل چھا گئے

لندن: چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت میچ پرسیاہ بادل چھا گئے، روایتی حریفوں کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کیلیے بے چین شائقین کے ارمانوں پر بارش  پانی پھیرسکتی ہے۔

پاکستان اور  بھارت کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کا اہم ترین مقابلہ اتوار کو ایجبسٹن  برمنگھم میں شیڈول ہے، مگر موسم کی وجہ سے میچ کا انعقاد خطرے میں لگنے لگا،2013 کے اسی ایونٹ کے برمنگھم میں شیڈول میچ سے قبل بھی دنیا بھر میں بہت زیادہ جوش وخروش پایا جا رہا تھا،  مگر بارش کی بار بار مداخلت کے بعد پاکستانی ٹیم 165 رنز پر ڈھیر ہوئی اور پھر بھارت نے22 اوورز میں درکار102 کا نظرثانی شدہ ہدف19.1 اوورز میں پورا کر کے ڈک ورتھ لوئس سسٹم پر 8 وکٹ سے مقابلہ جیت لیا تھا، البتہ اس بار پاکستانی ٹیم بہترین کھیل پیش کرنے کیلیے پُرعزم ہے۔

گزشتہ روز دوپہر 2 سے 4 بجے تک لائٹ پریکٹس سیشن ہوا، جس میں پہلے کھلاڑیوں نے فٹبال کھیلی، فزیکل ٹریننگ کے بعد نیٹ میں بولنگ اور بیٹنگ کی مشق ہوئی، حسن علی سے زیادہ بولنگ کرائی گئی جبکہ فیلڈنگ پریکٹس سے گریز کیا گیا، آخری لمحات میں ہلکی بارش بھی شروع ہو گئی تھی۔ ہفتے کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ اتوار کو 70 فیصد سے زائد ابررحمت برسنے کا امکان ظاہر کر دیا گیا، اس سے کروڑوں شائقین کرکٹ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، گزشتہ روز اسی وینیو پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کا میچ بھی  بارش کی بار بار مداخلت کے باعث نامکمل رہا جبکہ چند روز قبل گرین شرٹس اور کینگروز کے مقابلے میں بھی 10.2 اوورزکا کھیل ممکن ہوسکا تھا جبکہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے تاحال پلیئنگ الیون تشکیل نہیں دی ہے۔

علاوہ ازیں آج صبح انالسٹ کے ساتھ بیٹھ کر کپتان اور کوچ فیصلہ کریں گے کہ اسپنر شاداب خان یا آل راؤنڈ  فہیم اشرف میں سے کسے میدان میں اتارا جائے، اسپنرز کیخلاف بھارتی بیٹسمینوں کی پُراعتماد بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے فہیم کے کھیلنے کا امکان زیادہ ہے، انھوں نے بنگلہ دیش سے وارم اپ میچ میں ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلا کر اپنے چانسز مزید روشن کر لیے تھے۔