بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / اسامہ آپریشن کے ماسٹر مائنڈ کو اہم ذمہ داری سپرد

اسامہ آپریشن کے ماسٹر مائنڈ کو اہم ذمہ داری سپرد

واشنگٹن۔امریکی سی آئی اے نے اپنے بعض نئے عہدیداروں کا تعین کیا ہے۔ نئے عہدیداروں میں القاعدہ کے بانی سربراہ اسامہ بن لادن کے خلاف پاکستان میں آپریشن کے انچارج مائیکل ڈی انڈریا المعروف آیت اللہ مائیک کو ایرانی امور کا نگران مقرر کیا گیا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق آیت اللہ مائیک القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کاروائیوں کا وسیع اور طویل تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ پاکستان اور یمن میں القاعدہ کے خلاف ہونے والے متعدد آپریشنز میں سی آئی اے کی طرف سے اہم خدمات انجام دے چکے ہیں۔

ادھر اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈی انڈریا کی ایرانی امور کے انچارج کے عہدے پر تعیناتی کا فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران میں سیاسی حکومت بدلنا چاہتے ہیں۔