بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / ایل او سی پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب

ایل او سی پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب


راولپنڈی۔ لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی کے علاقے میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجی ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر تتہ پانی کے علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کی جس پر پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی بنکر تباہ کردیئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس سے قبل بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر حویلی اور کوٹلی کے نیزہ پیر،درہ شیر خان اور گوئی سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔بھارتی فوج نے تینوں مقامات پر آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو شہری شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

پاک فوج نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا اور تاک تاک کر دشمن کے فوج کے مورچوں کے نشانہ بنایا،پاک فوج کے بھرپور جواب کے بعد دشمن کے کیمپ میں خاموشی چھاگئی۔یاد رہے کہ گزشتہ بارہ گھنٹوں کے دوران بھارتی اشتعال انگیزی کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ پاک فوج کے مستعد جوان بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دے رہے ہیں ۔اس سے قبل بھارتی افواج کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پرسیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں دو شہری زخمی ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ یکم جون کو بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی ۔ جس کے نتیجے میں 3 شہری زخمی ہوگئے تھے۔ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی کرارا جواب دیاتھا۔