بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / شریف خاندان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

شریف خاندان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

اسلام آباد۔پانامہ کیس کی تحقیقات ، سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی نے اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے شریف خاندان کے تمام افرادکے بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگ لیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کیخلاف پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے بننے والی جے آئی ٹی نے حسن نواز ، حسین نواز اور نیشنل بنک کے صدرسعید احمد سے تحقیقا ت کے بعد اب اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے شریف خاندان کے 1990سے اب تک کی تمام بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات کے طلب کر لی ہیں۔

جے آئی ٹی نے اسٹیٹ بنک آف پاکستان سے پوچھا ہے کہ ان اکاؤنٹس میں کب اور کتنی رقم جمع کرائی گئی یا اکاؤنٹس سے رقم نکالی گئی،جبکہ یہ بھی پوچھا گیا کہ رقوم کون سے اکاؤنٹ سے دوسرے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئیں۔ واضح رہے کہ پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر بننے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی نے شریف فیملی کے اثاثوں کے حوالے سے تحقیقات کا سلسلہ وسیع کر دیا ہے۔ اس سے قبل جے آئی ٹی نے وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسین اور حسن نواز اور نیشنل بنک کے صدر سے تحقیقات جاری رکھی ہوئی ہیں۔ جس میں حسن نواز ایک اور حسین نواز 4مرتبہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔ جبکہ نیشنل بنک کے صدر سعید احمد بھی جے آئی ٹی کے بلانے پر حاضرہو چکے ہیں۔