بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پاکستان سے سیریز کیلئے بھارت کی نئی شرط

پاکستان سے سیریز کیلئے بھارت کی نئی شرط

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر اور انڈین پریمیئر لیگ کے موجودہ چیئرمین راجیو شکلا نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوطرفہ سیریز کی بحالی کو پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونے سے مشروط قرار دیا ہے۔

راجیو شکلا نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی خراب صورتحال کی وجہ سے بھی دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ سیریز کا انعقاد نہیں ہو پا رہا۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے کسی بھی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا لہٰذا میں پاکستانی حکومت سے درخواست کروں گا کہ وہ اپنے مقامات کو اتنا محفوظ بنائیں کہ دنیا کی تمام ٹیمیں وہاں کا دورہ کر سکیں۔ آئی پی ایل چیئرمین نے کہا کہ ہم پاکستان سے کرکٹ شروع کرنا چاہتے ہیں لیکن سیکیورٹی کی صورتحال ہمیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دے رہی لہٰذا جب تک ہماری حکومت اجازت نہیں دیتی، ہم پاکستان کے دوطرفہ سیریز نہیں کھیل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے سے کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے ہم نے آئی سی سی سے یہ میچز کھیلنے کا وعدہ کیا ہوا ہے۔

اس موقع پر راجیو شکلا نے کہا کہ پاکستان میں بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور وہاں کرکٹ کا معیار بھی بہت اچھا ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ملک کے حالات بہتر بنانے چاہئیں تاکہ تمام ملک بھی وہاں آ کر کھیل سکیں۔