بریکنگ نیوز
Home / کھیل / پی سی بی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے سبز باغ دکھانے لگا

پی سی بی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے سبز باغ دکھانے لگا


لاہور۔ پی سی بی عملی اقدامات کے بغیر شائقین کو اگلے سال ملکی سرزمین پر انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کرانے کے سبز باغ دکھانے لگا، ایگزیکٹیو کمیٹی چیف نجم سیٹھی کے مطابق ایونٹ کیلیے دیگر بورڈز سے بات چیت جاری ہے۔

ایک انٹرویو اور لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس مرحلے پر زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتا، مگر پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہونے سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلیے راہ ہموار ہوگی، آئندہ سال چند دیگرغیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی،آسٹریلوی فوج کی کرکٹ ٹیم کو بلانے پر پاکستان آرمی کے مشکور ہیں، اس سے دنیا میں سیکیورٹی کے حوالے سے اچھا پیغام جائے گا۔

گذشتہ دنوں آئی سی سی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے نجم سیٹھی نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ برادری کو اب احساس ہوگیاکہ پاکستان کے ساتھ بڑی ناانصافی ہوئی، خاص کر اس لیے بھی کہ بھارت ہمارے ساتھ کھیلنے سے مسلسل انکار کررہا ہے، اس کے نتیجے میں پی سی بی کو بہت زیادہ مالی نقصان اٹھانا پڑا۔