بریکنگ نیوز
Home / صحت / زیاہ بہتر معالج کون ہوتے ہیں، نوجوان یا عمر رسیدہ؟

زیاہ بہتر معالج کون ہوتے ہیں، نوجوان یا عمر رسیدہ؟

صحت ایک ایسا معاملہ ہے جس پر کوئی بھی رسک نہیں لے سکتا، اس لیے ہر کوئی چھوٹی سی چھوٹی بیماری کے لیے بھی اچھا اور تجربہ کار معالج تلاش کرتا ہے۔

پاکستان میں تو ویسے بھی ڈاکٹرز کی سخت قلت ہے جب کہ اچھے ڈاکٹرز تو ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے، لیکن ایک اچھے ڈاکٹر کی پہنچان کیسے کی جائے؟ پاکستان سمیت دنیا بھر کے لوگوں کا یہ خیال ہوتا ہے کہ معالج وہی اچھا ہوتا ہے جس کا زیادہ تجربہ ہو، یعنی عمر رسیدہ ڈاکٹر ہی بہتر ہوتے ہیں۔ لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ یہ ممکن ہے کہ کوئی ڈاکٹر 65 برس کی عمر یا اس سے بھی زائد عمر میں بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہو، لیکن تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کے مقابلے میں نوجوان مگر تربیت یافتہ اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل ڈاکٹرز زیادہ ذہین ہوتے ہیں۔

بہترین معالج کا پتہ لگانے کے لیے امریکا کے ’دی ہارورڈ کلینیکل اینڈ ٹرانسلیشنل سائنس سینٹر‘ کے ماہرین نے 18 ہزار سے زائد معالجوں پر تحقیق کی سائنس جرنل ’بی ایم جے‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق ماہرین نے 40 سے 60 برس کی عمر کے ڈاکٹروں کے علاج کرنے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔ اس عمر کے ڈاکٹروں نے سال 2014 سے 2015 کے درمیان 7 لاکھ 63 ہزار مریضوں کا علاج کیا جن میں 40 سال سے 65 سال کی عمر کے مریض شامل تھے. مختلف ہسپتالوں کے 18 ہزار 854 ڈاکٹرز نے ان مریضوں کا علاج کیا۔

ماہرین نے دوران علاج مریضوں اور ڈاکٹروں کا ڈیٹا جمع کیا اور مدت ختم ہونے کے بعد تمام ڈیٹا کا جائزہ لینے سے پتہ چلا کہ عمر رسیدہ افراد کے مقابلے میں نوجوان ڈاکٹرز زیادہ بہتر طریقے سے مریضوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق 40 برس کی عمر کے ڈاکٹرز کی جانب سے علاج کے دوران 10.8 فیصد مریضوں کے مرنے کے امکانات ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 40 برس سے زائد عمر کے ڈاکٹرز کی جانب سے علاج کے دوران ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 12.1 فیصد ہوجاتی ہے۔ تاہم ماہرین کے مطابق مریضوں کے ہلاک ہونے کا تعلق ڈاکٹرز کی عمر سے نہیں بلکہ ڈاکٹرز کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی کو سمجھ نہ پانے اور مریضوں کا نئے طریقوں کے تحت علاج نہ کرنے کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔

اس سے پہلے 2005 میں سائنس جرنل ’میڈیکل ریگولیشن‘ میں شائع ایک رپورٹ میں بھی عمر رسیدہ ڈاکٹرز کو نوجوان اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ علاج کرنے والے ڈاکٹرز کے مقابلے میں کم اہم قرار دیا گیا تھا۔