بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / صوبے میں میگا پراجیکٹس کا نیا دور شروع ہونیوالا ہے ٗ پرویز خٹک

صوبے میں میگا پراجیکٹس کا نیا دور شروع ہونیوالا ہے ٗ پرویز خٹک


پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے مقامی ٹھیکیدار برادری اور تعمیراتی کمپنیوں کی استعداد میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت کی ریکارڈ قانون سازی،اصلاحات اور ترقیاتی اقدمات کی بدولت صوبے میں تعمیر و ترقی اور میگا پراجیکٹس کا نیا دور شروع ہونے کو ہے۔ اس کے برعکس ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل کیلئے مقامی سطح پر بھاری مشینری دستیاب ہے اور نہ ہی اعلیٰ فنی و ہنر مند افرادی قوت موجود ہے جس کے سبب بڑی ترقیاتی سکیموں کی فوری اورمعیاری تعمیرو تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہو جاتی ہے اور ہمیں قومی سطح کی بڑی تعمیراتی و خدماتی کمپنیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ میگا پراجیکٹس کی تعمیر کیلئے صوبائی حکومت این ایل سی جیسے بڑے اداروں کی خدمات حاصل کرتی ہے تو مقامی ٹھیکیدار برادری برا مان لیتی ہے اور عدالتوں تک پہنچ جاتی ہے حالانکہ ماضی کے تجربات نے بھی ثابت کیا ہے کہ مفتی محمود فلائی اوور سمیت کئی مواصلاتی و تعمیر اتی منصوبے ڈیڈلائن کے مطابق تعمیر نہ کئے جاسکے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا اور کافی عوامی مشکلات سامنے آنے کے ساتھ ساتھ ان کی تکمیل کیلئے مزید کوششوں اور اضافی فنڈزکا بندوبست کرناپڑا البتہ آئندہ ہم اس طرح عوام کے قیمتی وسائل کا ضیاع نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی عوام کی مشکلات میں اضافے کی اجازت دیں گے۔

وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں بڑے منصوبوں کی فوری تکمیل کیلئے این ایل سی کو تعمیر اتی ٹھیکے دینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں وزیر بلدیات عنایت اﷲ، وزیر تعلیم محمد عاطف خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد اعظم خان، ایڈوکیٹ جنرل عبد اللطیف یوسفزئی، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری محمد اسرار خان اور قانون، خزانہ ، بلدیات ، مواصلات وتعمیرات اور دیگر متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریوں اور شعبہ جاتی سربراہوں نے شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومت نے عوامی مفاد کی خاطر ریکارڈ قانون سازی کی ہے تاکہ حکومتی معاملات کو شفاف انداز میں چلایا جا سکے اور عوام کوبھی ان کے ثمرات پہنچائے جا سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ جہاں جہاں ضرورت ہو گی تو ہم مزید قانون سازی اور عوامی مفاد کے فیصلوں سے گریز نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پسماندگی اور غربت کے دن کافی کاٹے مگر اب اُن کی ترقی اور خوشحالی کا وقت آچکا ہے ۔ہماری حکومت عوامی مفاد اور خوشحالی کے سوال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔