بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / برطانیہ ٗ27 منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی

برطانیہ ٗ27 منزلہ رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی

لندن۔مغربی لندن میں واقع 27 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ بڑھک اٹھی ،گرینفل ٹاور نامی عمارت میں 120 فلیٹس ہیں جہاں 40 فائر انجنز اور 200 فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لندن ایمبولنس سروس کا کہنا ہے کہ آگ سے متاثرہ 30 افراد کو ہسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔پولیس کے مطابق متاثرہ عمارت کو خالی کرنے کا کام جاری ہے جبکہ رہائشی افراد کو طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کی ایک رپورٹ میں پولیس اور فائر سروسز کے حوالے سے بتایا گیا کہ آتشزدگی کے بعد عینی شاہدین نے عمارت کی بالائی منزلوں سے چیخنے چلانے کی آوازیں سنیں جبکہ کچھ رہائشیوں کو مدد کے لیے سفید رنگ کے کپڑے لہراتے بھی دیکھا گیا۔فائر سروس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام کے مطابق دوسری منزل سے شروع ہونے والی آگ نے 27 منزلہ عمارت کی تمام بالائی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

لندن فائر بریگیڈ کے اسسٹنٹ کمشنر ڈین ڈیلی کے مطابق ‘یہ ایک بڑا اور سنگین واقعہ ہے اور آگ پر قابو پانے کے لیے متعدد وسائل اور خصوصی آلات کا استعمال کیا جارہا ہے’۔لندن کے میئر صادق خان نے واقعے سے متعلق اپنی ٹوئٹ میں گرینفل ٹاور آتشزدگی کو ‘بڑا واقعہ’ قرار دیا۔عمارت کے قریب رہائش پذیر اداکار اور لکھاری ٹم ڈانی کا کہنا تھا کہ ‘یہ بہت خوفناک آگ ہے، پوری عمارت شعلوں میں گھری ہوئی ہے، یہ مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے اور کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔

پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق عمارت میں لگنے والی آگ کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق رات سوا ایک بجے موصول ہوئی۔واضح رہے کہ یہ کثیرالمنزلہ بلاک 1974 میں قائم کیا گیا تھا جبکہ مقامی رہائشیوں کو ایک سال قبل آگاہ کیا گیا تھا کہ ترقیاتی کام کے دوران جمع ہونے والا کچرا آگ لگنے کا سبب بن سکتا ہے۔