بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / لوڈشیڈنگ میں کمی پی ٹی آئی کی مرہون منت ہے ٗ اسد قیصر

لوڈشیڈنگ میں کمی پی ٹی آئی کی مرہون منت ہے ٗ اسد قیصر

پشاور ۔ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت بجلی سے متعلق لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے صوبائی خزانے سے خطیر فنڈز فراہم کرنے کے علاوہ پیسکو کے ساتھ بھی بھر پور تعاون کر رہی ہے تاکہ گرمیوں اور باالخصوص ماہ رمضان کے مہینے میں عوام کو بھر پور ریلیف فراہم کیا جاسکے PK-35صوابی میں گذشتہ چارسالوں مں بجلی کی مد میں 50کروڑ روپے کی لاگت سے بجلی کے نئے فیڈرز اور تمام یونین کونسلوں میں نئے ٹرانسفارمر اور پول نصب کئے گئے جس کی بدولت نہ صرف لوڈشیڈنگ میں بھر پور کمی واقع ہوئی ہے بلکہ کم وولٹیج کے مسئلے پر بھی کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز PK-35صوابی میں لوڈشیڈنگ ،کم وولٹیج اور علاقے میں بجلی کے جاری منصوبوں پر پیش ر فت سے متعلق پیسکو کے اعلیٰ حکام کے ساتھ صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی ۔

اجلاس میں چیف انجینئر پیسکو محمد اقبال مروت ،ڈپٹی کمشنر صوابی معتصم بااللہ شاہ ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حبیب اشرف ،سپرنٹنڈنگ انجینئر پیسکو صوابی مردان جمال الدین کے علاوہ پیسکو کے دیگر متعلقہ حکام اور ڈسٹرکٹ ممبران عطاء اللہ خان ،راجو خان اور پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما رونق زمان بھی اجلاس میں شریک تھے ۔اجلاس میں پی کے۔35 کے نیومرغز اور بام خیل فیڈرزپر بجلی کی ٹرپنگ اور کم وولٹیج ،یونین کونسلوں میں خراب ٹرانسفارمروں کی مرمت اورنئے ٹرانسفارمروں کی فراہمی کے علاوہ فیڈرز اور لائن سٹاف کی کمی دور کرنے،عید الفطر کے موقع پر ہنگامی انتظامات، چھوٹا لاہور اور باجا بام خیل گرڈ اسٹیشن کی تعمیر پر پیش رفت سمیت علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق امور پر تفصیلی بحث کی گئی اور اس ضمن میں بعض اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ڈپٹی کمشنر صوابی نے اجلاس کے شرکاء کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بجلی کے مسائل سے نمٹنے اور عوام کی سہولت کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس صوابی میں بجلی سے متعلق شکایات کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح پر پیسکو اور مقامی عوامی نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں،جو مقامی سطح پر اجلاس منعقدکرکے بجلی سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھاتی ہیں۔پیسکو کے چیف انجینئر محمد اقبال مروت نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیسکو کی جانب سے علاقے میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی لیکن بعض اوقات فنی خرابی یا طلب و رسد میں توازن نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو اضافی لو ڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔چیف انجینئرنے اجلاس کو مزید بتایا کہ صارفین کی سہولت کے لئے تمام فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا شیڈول پیسکو کی ویب سائٹ پر فراہم کیا گیا ہے۔چھوٹا لاہوراور باجا بام خیل گرڈ اسٹیشن پر کام کی پیش رفت کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ چھوٹا لاہو ر میں لائن پر کام جاری ہے اور دونوں گرڈاسٹیشنز کو دسمبر تک مکمل کر دیا جائے گا ۔

انہوں نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ علاقے میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لو ڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔انہوں نے پیسکو کے حکام کو ہدایت کی کہ فنی خرابی کو بروقت دور کیا جائے تاکہ رمضان کے مہینے میں لوگوں کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے پیسکوحکام کو تمام یونین کونسلوں کو ایمرجنسی ٹرانسفارمرز کی جگہ نئے اور خراب ٹرانسفارمروں کی فوری مرمت کرنے کی بھی ہدایت کی۔چیف انجینئر پیسکونے سپیکر اسد قیصر کو یقین دہانی کرائی کہ پی کے۔35 میں بجلی سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ عوام کوبروقت ریلیف فراہم کیا جاسکے ۔انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے پیسکو کا اضافی عملہ تعینات کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ ضلع انتظامیہ اور پیسکو حکام علاقے میں بجلی کے مسائل حل کرنے کیلئے عوام کی مشاورت سے مل کرکا م کریں ۔سپیکر نے پیسکو حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی فراہمی میں کوئی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ ،سپیشل برانچ اور محکمہ پولیس کے حکام کو ہدایت کی کہ علاقے میں بجلی کی تنصیبات کی بھر پور نگرانی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور بجلی چوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔سپیکرنے بجلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے پر پیسکو حکام ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کی کاؤشوں کو بھر پور سراہا۔