بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / امریکی جنگی جہاز تجارتی جہاز سے ٹکرا گیا

امریکی جنگی جہاز تجارتی جہاز سے ٹکرا گیا

ٹوکیو۔امریکہ کا جنگی بحری جہاز جاپان کے ساحل کے قریب ایک تجارتی جہاز سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے کے سات اہلکار لاپتہ ہوگئے۔زخمیوں میں جہاز کے کمانڈنگ افسر بھی شامل ہیں جنھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال پہنچادیا گیا۔امریکی بحریہ کا تباہ کن جنگی جہاز یو ایس ایس فٹزجیرلڈ ہفتہ کو جاپان کے جنوب مغربی ساحل یوکوسوکا سے 56ناٹیکل میل یعنی 103کلومیٹر دور اے سی ایکس کرسٹل نامی تجارتی جہاز سے مقامی وقت کے مطابق صبح ڈھائی بجے ٹکرا یا۔

امریکی بحریہ کے ساتویں بیڑے نے ٹوئٹر پر پیغام میں بتایا ہے کہ کمانڈنگ افسر کے ساتھ دو دیگر جہاز رانوں کو علاج کے لیے ہیلی کاپٹر سے ہسپتال لے جایا گیا۔پہلے یہ کہا گیا تھا کہ یو ایس ایس فٹزجیرلڈ کے بعض حصے میں پانی گھس آیا ہے اور مجموعی نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔یہ بھی بتایا گیا تھا کہ 154میٹر طویل جہاز یوکوسوکا کی جانب گامزن ہے۔ جس جگہ یہ ٹکر ہوئی ہے وہ انتہائی مصروف راستہ ہے جہاں سے جہاز ٹوکیو خلیج کی طرف آمدورفت کرتے ہیں،امریکی جہاز دنیا کے جدید ترین جنگی جہازوں میں سے ایک ہے اور اس کے پاس انتہائی جدید ریڈار نظام ہے ۔