بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / شہباز شریف جے آئی ٹی کے روبرو پیش

شہباز شریف جے آئی ٹی کے روبرو پیش


اسلام آباد ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جوڈیشل اکیڈمی آمد پر وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ان کی گاڑی ڈرائیو کی ۔ 2500 سے زائد پولیس اہلکاروں سمیت سپیشل برانچ ‘ ایف سی ‘ رینجرز ‘ کمانڈوز اور دیگر حساس اداروں کے اہلکاروں نے سکیورٹی فرائض سرانجام دیئے ۔ فیض آباد سے اسلام آباد جانے والے راستے سمیت دیگر جوڈیشل اکیڈمی کے ملحقہ راستوں کو بند کر دیا گیا ۔

شہری روزے کی حالت میں شدید پریشان ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف جے آئی ٹی میں پیش ہونے کے لئے جب پنجاب ہاؤس سے روانہ ہوئے تو وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ان کی گاڑی ڈرائیو کی ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار ‘ حمزہ شہباز ‘ حنیف عباسی ‘ ڈاکٹر طارق فضل چودھری ‘ زعیم قادری اور دیگر رہنما بھی جوڈیشل اکیڈمی پہنچ گئے ،شہباز شریف کی گاڑی جوڈیشل اکیڈمی پہنچی تو وہاں پر سینکڑوں کارکنان نے نواز شریف اور شہباز شریف کے حق میں نعرے لگائے ۔

شہباز شریف نے ہاتھ ہلاتے ہوئے کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا ۔ دوسری جانب فیض آباد سے اسلام آباد جانے والا راستے سمیت جوڈیشل اکیڈمی سے ملحقہ دیگر راستوں کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیل کر دیا گیا جس سے روزے کی حالت میں شہریوں کو شدید گرمی کی حالت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم وزیراعلی شہباز شریف کے جوڈیشل اکیڈمی کے پہنچنے کے آدھے گھنٹے بعد روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ۔