بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / آئی جی پولیس خیبرپختونخوا عدالت طلب

آئی جی پولیس خیبرپختونخوا عدالت طلب


پشاور۔پشاورہائی کورٹ کے جسٹس وقاراحمدسیٹھ اور جسٹس اعجازانور پرمشتمل دورکنی بنچ نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہ کرنے پر آئی جی پولیس خیبرپختونخوا کو14جولائی کو عدالت طلب کرلیاہے اگلی پیشی پرآئی جی پرتوہین عدالت کیس میں فردجرم عائد کی جائے گی عدالت نے یہ احکامات گذشتہ روز بلال خان خلیل ایڈوکیٹ کی وساطت سے دائر کینان تاتاری کی توہین عدالت کی درخواست پرجاری کئے۔

اس موقع پرعدالت کو بتایاگیاکہ درخواست گذار محمدجمیل تاتاری کاصاحبزادہ ہے جومحکمہ پولیس میں اسسٹنٹ تعینات تھااوروہ دوران ملازمت وفات پاگیاتھاجس پراس کے بیٹے نے فوت شدہ ملازمین کے کوٹے کے تحت اسسٹنٹ سب انسپکٹرکی پوسٹ کیلئے درخواست دی اورہائی کورٹ نے رٹ منظورکرتے ہوئے تعلیم کے مطابق پوسٹ دینے کے احکامات جاری کئے تھے تاہم متعلقہ حکام لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں۔

اس طرح وہ توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں لہذاآئی جی پی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے فاضل بنچ نے 14جولائی کو آئی جی خیبر پختونخوا کو طلب کرلیاجس پرتوہین عدالت کے تحت فردجرم عائد کی جائے گی ۔