بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / بلوچستان میں ایرانی ڈرون مار گرادیاگیا

بلوچستان میں ایرانی ڈرون مار گرادیاگیا

کوئٹہ۔بلوچستان میں سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستانی جیٹ طیاروں نے ایرانی ڈرون مار گرایا، بلوچستان میں حکام کا کہنا ہے کہ ایران سے متصل سرحدی ضلع پنجگور سے ایک تباہ شدہ ڈرون طیارہ برآمد کیا گیا ہے۔کوئٹہ میں سرکاری ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈرون کا ڈھانچہ ضلع پنجگور کے علاقے پروم سے برآمد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق برآمد کیا جانے والا ڈرون ایرانی ساخت کا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ایرانی ڈرون نے چونکہ سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس کے بعد پاکستانی جیٹ طیاروں نے اسے مار گرایا۔ان ذرائع نے بتایا کہ ڈرون کے ڈھانچے کو بذریعہ روڈ کسی قریبی چوکی تک منتقل کرنے کے لئے انتظامات کیے جارہے ہیں۔بی بی سی کے مطابق ایرانی ساخت کے ڈرون کے گرائے جانے کی تصدیق کے لئے ایرانی حکام سے رابطہ نہیں ہو سکا۔بلوچستان کے ایران کے ساتھ پانچ اضلاع کی سرحدیں لگتی ہیں۔

ان اضلاع میں چاغی، واشک، پنجگور، کیچ اور گوادر شامل ہیں۔ان اضلاع میں سے بعض میں ایران کی جانب سے فائر کئے جانے والے راکٹ کے گولے اور مارٹر شیل بھی گرتے رہے ہیں۔ گرائے گئے ڈرون طیارے کا ملبہ سکیورٹی فورسز نے قبضے میں لے لیا لیکن تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس ڈرون کو کب تباہ کیا گیا۔پاک فضائیہ نے بھی اس پر تبصرے سے انکار کیا ہے۔