بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / امریکہ نے جنوبی ایشیاء کا امن داؤ پر لگا دیا

امریکہ نے جنوبی ایشیاء کا امن داؤ پر لگا دیا

واشنگٹن۔امریکی محکمہ خارجہ نے جدید جاسوس ڈرونز بھارت کو دینے کی منظوری دے دی ہے۔ نئی دہلی نے 2ارب ڈالرز کی لاگت سے 22گارڈین ڈرونز خریدنے کی درخواست کی تھی۔بھارتی خبر رساں ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے محکمہ خارجہ نے 22ڈرونز فروخت کرنے کی منظوری دینے کے بعد باضابطہ طور پر بھارت کو آگاہ کردیا۔ بھارت نے 2ارب ڈالرز کی لاگت سے ڈرونز خریدنے کی درخواست کی تھی۔

ماضی میں اوباما انتظامیہ نے بھارت کو یہ ڈرونز دینے سے انکار کردیا تھا۔ 2016سے اب تک بھارت نے امریکہ سے متعدد بار ڈرونز دینے کی درخواست کی تھی۔ امریکی کانگریس اور پینٹاگون نے ڈرونز فروخت کرنے کی اجازت دے دی تھی، لیکن امریکی محکمہ خارجہ کو تحفظات تھے۔

محکمہ خارجہ چین، بھارت اور پاکستان کشیدگی کی صورتحال میں نئی دہلی کو ڈرونز فروخت کر کے خطے کا اسٹریٹجک توازن خراب نہیں کرنا چاہتا تھا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اتوار کے روز امریکی دورے کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے ڈرونز کی فروخت کا معاملہ اٹھانا چاہتے تھے۔ بھارت کی خواہش ہے کہ امریکا اسے میزائل بردار ڈرونز بھی فروخت کرے۔