بریکنگ نیوز
Home / کھیل / ڈی ویلیئرز کی قسمت کا فیصلہ اگست میں ہوگا

ڈی ویلیئرز کی قسمت کا فیصلہ اگست میں ہوگا


کیپ ٹاؤن۔جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ویلیئرز اگست میں کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر اپنے مستقبل کے بارے میں حتمی فیصلہ کریں گے۔گزشتہ سال دورہ آسٹریلیا سے انجری کے سبب باہر ہونے کے بعد ڈی ویلیئرز نے ٹیسٹ کرکٹ سے وقفہ لیا تھا تاکہ وہ مکمل فٹنس کے بعد بہترین تیاری کے ساتھ میدان میں قدم رکھ سکیں اور 2019 ورلڈ کپ تک فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کی نمائندگی کر سکیں ۔

انڈین پریمیئر لیگ کے دوران بھی ڈی ویلیئرز انجری اورفارم کے مسائل سے دوچار رہے جبکہ چیمپئنز ٹرافی اور حال ہی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی ان کی کارکردگی واجبی ہی رہی جس کے بعد انہوں نے کیریئر کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے کیلئے ایک مرتبہ پھر کرکٹ سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ۔

جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اب ستمبر میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں حصہ لیں گے اور اس سے قبل اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔انہوں نے کہاکہ میں جنوبی افریقہ کو 2019 ورلڈ کپ جتوانا چاہتا ہوں تاہم یہ میرے اختیار میں نہیں اور میں جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ سے ملاقات کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کروں گا جو جنوبی افریقی کرکٹ کی بہتری میں ہوگا۔