بریکنگ نیوز
Home / انٹرنیشنل / لیبیا میں مسلح گروپ کا اقوام متحدہ کے قافلے پر حملہ

لیبیا میں مسلح گروپ کا اقوام متحدہ کے قافلے پر حملہ

طرابلس ۔لیبیا میں القاعدہ کے ایک وفادار مسلح عسکری گروپ نے اقوام متحدہ کے ایک قافلے کو تیونس سے طرابلس آتے ہوئے حملے کا نشانہ بنایا اور عالمی ادارے کے سات کارکنان کوکئی گھنٹے یرغمال بنانے کے بعد انہیں رہا کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق لیبیا کے ایک سکیورٹی ذریعے نے اطلاع دی ہے کہ اقوام متحدہ کے قافلے پر حملہ طرابلس کے قریب الزاویہ شہرکے الحرشہ کے علاقے میں کیا گیا۔ جنگجوؤں نے اقوام متحدہ کے سات کارکنوں کو یرغمال بنایا تاہم انہیں چند گھنٹوں کے بعد چھوڑ دیا گیا۔ سکیورٹی ذر ائع نے غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلح ملیشیا نے اقوام متحدہ کے ایک سفارتی مشن کی گاڑیوں کوملک کے مغربی شہر صرمان سے واپسی پر روکا اور گاڑیوں میں سوار عالمی ادارے کے سا ت کارکنوں کو یرغمال بنا لیا۔

اس کارروائی میں اقوام متحدہ کی دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ یرغمال بنائے جانے والے شہریوں میں سفارتی عملے کے ارکان، ایک ڈرائیور،ملیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک ڈاکٹر اور اقوام متحدہ کے ایمی گریشن شعبے کے ایک اہلکار جس کی شناخت نہیں کی گئی شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے گرفتار تمام اہلکاروں کو چار گھنٹے کے بعد رہا کردیا گیا جس کے بعد انہیں طرابلس روانہ کردیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ وہ یرغمال بنائے جانے والے کارکنوں سے رابطے میں ہے۔ وہ محفوظ ہیں اور اپنی منزل کی طرف روانہ ہوگئے ہیں ۔