بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / امریکی سینٹ کی آرمز کمیٹی کے وفد کا جنوبی وزیرستان کا دورہ

امریکی سینٹ کی آرمز کمیٹی کے وفد کا جنوبی وزیرستان کا دورہ

راولپنڈی/ وانا۔امریکی سینٹ کی آرمز کمیٹی کے وفد نے آرمی چیف کے ہمراہ جنوبی وزیرستان کا فضائی دورہ کر کے سرحدی علاقے میں نئے تعمیر شدہ قلعوں، چوکیوں اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لیااور پاک فوج کی کوششوں ، قربانیوں اور مقامی قبائل کے تعاون کو سراہا۔ وفد کو پاک افغان سرحدی سیکیورٹی اور اسے بہتر بنانے کیلئے کئے گئے حالیہ اقدامات بارے بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پیر کو امریکی سینیٹ کی آرمز کمیٹی کے وفد نے سینیٹر جان مکین کی قیادت میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ جنوبی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کیا ۔

امریکی وفد کو سیکیورٹی بہتر بنانے کیلئے خاردار تار لگانے اور اضافی نگرانی کے حالیہ اقدامات سمیت پاک افغان سرحد کی سیکیورٹی بارے بریفنگ دی گئی ۔ وفد کو جنوبی وزیرستان ایجنسی میں سماجی اقتصادی ترقی کیلئے کی جانیوالی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا گیا ۔ امریکی وفد نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کا فضائی دورہ کیا تاکہ سرحدی علاقے میں نئے تعمیر شدہ قلعوں، چوکیوں اور سکولوں کالجوں ، ہسپتالوں، سپورٹس سٹیڈیم، واٹر سپلائی سکیموں ا ور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا جا سکے ۔

وفد نے پاک فوج کی کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور علاقہ میں امن و امان کی بحالی کیلئے مقامی قبائل کی کوششوں کو سراہا۔ امریکی سینیٹرز نے پاک افغان سرحدی سیکیورٹی کیلئے کوارڈی نیشن اور تعاون کے ادارہ جاتی میکنزم کی اہمیت پر زور دیا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقہ کے دورے اور فاٹا کی سماجی اقتصادی ترقی کیلئے تعاون پر امریکی سینیٹرز کا شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازیں وانا آمدپر وفد کا استقبال کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور جی او سی وانا نے کیا ۔