بریکنگ نیوز
Home / پاکستان / حسین نواز چھٹی مرتبہ پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیش

حسین نواز چھٹی مرتبہ پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیش


اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز چھٹی مرتبہ پاناما پیپرز کے دعوؤں کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے حکم پر تحقیقات کے لیے بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہوگئے۔

حسین نواز کی فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی آمد کے موقع پر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جبکہ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

پاناما جے آئی ٹی کی جانب سے 25 جون کو جاری ہونے والے سمن کے مطابق حسن نواز کو 3 جولائی، حسین نواز کو 4 جولائی جبکہ مریم نواز کو 5 جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ گذشتہ روز وزیر خزانہ اسحٰق ڈار بھی پہلی مرتبہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ شہباز شریف، نواز شریف کے داماد ریٹائر کیپٹن صفدر، سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک، نیشنل بینک آف پاکستان کے صدر سعید احمد، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ظفر الحق حجازی اور پرویز مشرف دور میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے سربراہ رہنے والے ریٹائرڈ لیفٹننٹ جنرل امجد نقوی بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کے کزن طارق شفیع بھی 2 مرتبہ پاناما جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔